مسلم باغ میں کلیئرنس آپریشن مکمل،شہری سمیت 7جوان شہید

  مسلم باغ میں کلیئرنس آپریشن مکمل،شہری سمیت 7جوان شہید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        راولپنڈی،کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج نے شمالی بلوچستان میں تخریب کاروں کیخلاف کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا، فائرنگ کے تبادلے میں بی ایل اے کا انتہائی مطلوب سرغنہ عصمی عرف وفا سمیت 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 6اہلکار اور ایک شہری شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی بلوچستان کے علاقے مسلم باغ کے ایف سی کمپاؤنڈ میں تخریب کاروں کیخلاف کلیئرنس آپریشن 12مئی کی شام دہشت گردوں کے ابتدائی حملے کو پسپا کرنے کے بعد شروع ہوا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں تمام 6دہشت گرد مارے گئے،ہلاک دہشتگردوں میں بلوچ لبریشن آرمی کا عصمی عرف وفا فورسز اور معصوم شہریوں کیخلاف پرتشدد کارروائیوں، بھتہ خوری، قتل و غارت اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا، عصمی نے اپریل 2019 میں مسافروں سے بھری بس کو اْرماڑہ، بْوزی ٹاپ پر حملہ کر کے بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا، اکتوبر 2020 میں بھی کئی گاڑیوں کو بْوزی ٹاپ پر گھات لگا کر نشانہ بنایا، جون 2021 میں بلوچستان کے علاقے حوشاب میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا، نومبر 2021 میں حوشاب میں ہی سکیورٹی فورسز کیساتھ شدید جھڑپ کا حصہ بھی رہا، مئی 2022 میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایاتھا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق  پیچیدہ کلیئرنس آپریشن میں ایک رہائشی عمارت سے 3 خاندانوں کو بچانا بھی شامل تھا،دہشت گردوں نے اپنے خوفناک عزائم کیلئے بچوں کو بھی نہیں بخشا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کے رابطوں، سہولت کاروں کو گرفتار کرنے کیلئے انٹیلی جنس فالو اپ جاری رہے گا۔
مسلم باغ آپریشن
 

مزید :

صفحہ اول -