ایف پی سی سی آئی کو یک خود مختارادارہ بنانا چاہتے ہیں‘ میا ں انجم نثار

ایف پی سی سی آئی کو یک خود مختارادارہ بنانا چاہتے ہیں‘ میا ں انجم نثار

لاہور (کامرس رپورٹر)چیئر مین بزنس مین پینل (پنجاب زون) میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ ہم FPCCI کو ایک خود مختارادارہ بنانا چاہتے ہیں فیڈریشن کو کسی فرد واحد کی ذاتی جاگیر نہیں بننے دیں گے۔ ہم تمام بزنس کمیونٹی کو ساتھ لیکر مسائل کے حل کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ میاں انجم نثار فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن کے حوالے سے بزنسمین پینل کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ فیڈریشن کے موجودہ سال میں فوٹو سیشنز کے سوا کچھ نہیں ہوا، بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کچھ بھی نہیں کیا گیا ۔ فیڈریشن پاکستان چیمبر کے موجودہ صدر کاروباری برادری کی بجائے سرکار کے نمائندے بنے رہے اور مختلف سیکٹرز کی کمیٹیاں غیر متعلقہ افراد کے ہاتھوں میں دے دی گئیں جس وجہ سے ادارہ بجائے متحرک ہونے کے جمود کا شکار ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نےFPCCI الیکشن کے صدارتی امیدوار سینیٹر غلام علی کے ساتھ پاکستان بھر کے چیمبروں اور ایسوسی ایشنوں کو ایک پلیٹ فارم پر ہم آواز کرکے بزنس کمیونٹی کی طاقت اور صنعت و تجارت میں تحریک پیدا کرنے کے لیے با صلاحیت کاروباری افراد کی ٹیم تیار کی ہے جو مسلسل جد و جہد جاری رکھے گی۔اس موقع پرمختلف سیکٹرز جن میں ایتھانول، شوگر، سیمنٹ، گھی، پلاسٹک ، صابن، پیپر ، /MS/PVC پائپِ ، سٹیل، ایئر کارگو ، ریڈی میڈ گارمنٹس، پولٹری، فارما سیوٹیکلزسمیت متعد ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے شرکت کی اور بزنسمین پینل کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔اجلاس میں بزنسمین پینل کے فیڈریشن پاکستان چیمبر کے صدارتی امیدوار سینیٹر غلام علی، وائس چیئر مین میاں زاہد حسین، بق وائس پریزیڈنٹ مرزا عبدالر حمان، شیخ اسلم، سابق صدور لاہور چیمبر محمد علی میاں، چوہدری ظفر اقبال، سہیل لاشاری، سیئنر وائس چیئر مین پیاف تنویر احمد صوفی، وائس چیئر مین پیاف خواجہ شاہ زیب اکرم، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران LCCI سابق چیئرمین اپٹما پنجاب شہزاد علی خان، رضا حسن ارشاد بیگ سمیت سینکڑوں کی تعداد میں بزنس کمیونٹی نے شرکت کی۔ اس موقع پر بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوار سینیٹر غلام علی نے کہا کہ جب بزنس کمیونٹی کا سب سے بڑا ادارہ ہی کمیونٹی کے مسائل کو حکام بالا سے نہ منوا سکے تو ان کو نمائندگی کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔ انھوں نے کہا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے مسائل سے باخبر ہیں اور پہلے بھی اپنی خدمات پیش کر چکے ہیں۔ زاہد حسین نے کہا کہ TDAP کے سی ای او کو ٹریڈ پولیٹکس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید : کامرس


loading...