عالمی یوم ذیابیطس منانے کے لئے یوفون اورٹی ڈی سی کا اشتراک
لاہور( پ ر)پاکستان کی صف اول کی ٹیلی کام آپریٹر یوفون نے غیرمنافع بخش ادارے ٹی ڈی سی (The Diabetes Centre) کے ساتھ عالمی یوم ذیابیطس منانے کیلئے اشتراک کیا ہے۔ اس حوالے سے جمعہ کو یوفون ٹاور میں طبی کیمپ لگا یا گیا ۔ اس اشتراک کے تحت ٹی ڈی سی نے ذیابیطس کے تربیت یافتہ ماہرین یوفون کو فراہم کئے ہیں تاکہ عالمی دن کی مناسبت سے یوفون کی کاروباری سماجی ذمہ داری کے تحت خصوصی طور پر اس کے ملازمین کے لئے مفت ٹیسٹس کرائے جائیں جن میں بلڈ شوگر کی اسکریننگ، کولیسٹرول کی سطح کی مانیٹرنگ، باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی)، بلڈ پریشر اور پاؤں کے امراض کے ٹیسٹ شامل تھے۔ اس اقدام کے بارے میں یوفون کے ہیڈ آف پی آر اور سی ایس آر عامر پاشا نے بتایا :"تمام یوفون ملازمین ہمارے لئے گھر کے افراد کی طرح ہیں۔ اس لئے ایک خاندان کے طور پر ہم محسوس کرتے ہیں کہ ان کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے ۔ اس عمل سے لوگوں کے اندر ذیابیطس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگہی پیدا ہوئی اور وہ اس بیماری سے بچنے کی کاوشیں کرتے ہوئے سرگرم زندگی گزار سکیں گے۔ "اس سینٹر (The Diabetes Center) کے سی ای او نوید حمید نے کہا : "احتیاط علاج سے بہتر ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم صحت سے متعلق معلومات اور ذیابیطس کے بارے میں آگہی پھیلانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔
جس کا اظہار یوفون کے ساتھ ہمارا اشتراک ہے۔ "انہوں نے مزید کہا کہ معیاری طبی خدمات فراہم کرکے ہم صحت کے شعبے میں ذیابیطس کے انتظام کی استعداد میں اضافے کا ارادہ کررہے ہیں جس کا نتیجہ علاج کی استطاعت سے قطع نظر مریضوں کی صحت میں بہتری سے ظاہر ہوتا ہے ۔ عالمی یوم ذیابیطس کے موقع پر اقدامات میں ایک طبی کیمپ اور ذیابیطس سے آگہی کے سیشن کے علاوہ یوفون کے ٹاور کے قریب اس مرض سے متعلق معلومات اجاگر کرنے کے لئے علامتی واک کا انعقاد بھی کیا گیا ۔