حکومت سے توانائی کے منصوبے جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کی توقع ہے،خواجہ ندیم

حکومت سے توانائی کے منصوبے جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کی توقع ہے،خواجہ ندیم

لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن (آپما) کے صدر خواجہ ندیم سعید وائیں نے توقع ظاہر کی ہے کہ حکومت توانائی کے منصوبے جنگی بنیادوں پر مکمل کرے گی تاکہ ملک کو توانائی کے بحران سے چھٹکارا مل سکے۔ ایک بیان میں خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ سابق حکومت نے توانائی کے شعبے کو بْری طرح نظر انداز کیا جس کی وجہ سے معیشت کو بہت بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ، اگرچہ یہ بات خوش آئند ہے کہ موجودہ حکومت توانائی کے شعبے میں کام کررہی ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ بجلی کی پیداوار کے منصوبے جلد سے جلد مکمل کیے جائیں کیونکہ بجلی کی قلت کی وجہ سے صنعتی پیداواربہت بْری طرح متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ، ایسے میں یہ توانائی کے بحران اور صنعتی پیداوار میں کمی کی متحمل نہیں ہوسکتی کیونکہ جنوبی ایشیاء کے دیگر ممالک تیزی سے معاشی ترقی کی منازل طے کرہے ہیں۔ اگر صورتحال یہی رہی تو وہ عالمی منڈی میں پاکستان کے حصے پر غلبہ پالیں گے۔ اگر ہم نے سستی اور وافر بجلی کی پیداوار یقینی نہ بنائی تو سرمایہ دیگر ممالک منتقل کرنے کا رحجان بڑھے گا جو کسی طرح بھی ملک کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے کے ذخائر سے اگلے سو سال تک ایک لاکھ میگاواٹ جبکہ صرف گلگت بلتستان سے پچاس ہزار میگاواٹ ہائیڈل بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے نجی شعبہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے۔ ناصر سعید نے حکومت پر زور دیا کہ وہ توانائی کے متبادل ذرائع کو بھی فروغ دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...