حکومت ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے میں ناکام ہے ، ثروت اعجاز قادری
لاہور(نمائندہ خصوصی) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دور حاضر کے فتنوں کا مقابلہ عشق رسول سے سرشار ہوکر ہی کیا جاسکتا ہے ،حکومت ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے میں ناکام ہے ،ناکامی کی وجہ حکمرانوں نے خلفاء راشدین کی بجائے سامراجی قوتوں کو آئیڈیل بنایا ہوا ہے ،یہود وہنود کے پیروکار اسلام کا لبادہ اوڑھ کر ملک میں اپنا بناؤٹی مذہب مسلط کرنے کے درپے ہیں ،پاکستان بنانے کے مخالف آج تاریخ کو مسخ کرنا چاہتے ہیں ،اعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی نے قلم کی طاقت سے باطل قوتوں کے فتنوں کا سر خم کیا،اعلیٰ حضرت نے عشق رسول کی شمع سے عالم اسلام کے مسلمانوں کا دل منور کیا ،ہر باطل قوت کا ڈٹ کر مقابلہ کرکے حقائق سے عوام کو آگاہ کیا ،آج پھر یہود ونصاریٰ کے ایجنٹ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر دین اسلام میں بگاڑ پیدا کرنے کے درپے ہیں ان قوتوں کا مقابلہ قرآن وسنت اور عشق نبی سے سرشار ہوکر ہی کیا جاسکتا ہے ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امام اہلسنت دوقومی نظریہ کے پاسبان تھے آپ کی دوقومی نظریہ کی فکر پر قائد اعظم محمد علی جناح گامزن رہے اسی بنیاد پر پاکستان معرض وجود میں آیا ،دو قومی نظریہ حضرت الف ثانی رحمتہ اللہ علیہ نے سب سے پہلے پیش کیا جس کی اہم وجہ شہنشاہ اکبر نے جب دین اکبری موجودہ سیکولر ازم کی بنیاد رکھنا چاہی تو اس کی مخالفت مجدالف ثانی نے کی اور واضع کیاکہ ہندو اور مسلمان دونوں کے مذہب الگ ہیں مسلمانوں کا رہن سہن تہذیب وتمدن سب جدا ہیں ،اعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی نے دین کے خلاف ہونے والی سازشوں قادیانیت اور خارجی ازم کو للکارا اور تحفظ مقام مصطفی ﷺکیلئے بھرپور کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک اعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی کے نقش قدم پر گامزن ہے ،اعلیٰحضرت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہر باطل قوت کی سازشوں کو ناکام بنادینگے ۔