سی پی ایس پی لاہور سینٹر پربنک کی سہولت فراہم کی گئی،پروفیسر ظفراللہ
لاہور(پ۔ر)کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان لاہور ریجنل سینٹر پر نجی بنک کی برانچ کا آغاز کر دیا گیا۔بنک کا افتتاح سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر ظفر اللہ چوہدری نے کونسل کے ہمراہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سی پی ایس پی کے زیرتربیت ڈاکٹرز کی بڑہتی ہوئی تعداد کے پیش نظر معیاری تربیت کو برقرار رکھتے ہوئے سہولت دھلیز پر پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔لاہور سینٹرمیں بنک کا قیام اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔اب ڈاکٹرز کوون ونڈو پروگرام کے تحت ریجنل سینٹر پر سہولیات میسر ہوں گی۔ریجنل ڈائریکٹر لاہور اور سینئر نائب صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے بنک کے قیام پر صدر اور کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سینٹر کی کارکردگی ہمیشہ معیاری رہی ہے اور اس معیار کو مزید بلند کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
سی پی ایس پی اس وقت دنیا بھر میں ملکی وقار اور عظمت کی علامت بن چکا ہے۔اس کے فیلوز ملک بھر میں عوام الناس کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوشاں ہیں۔سی پی ایس پی کی اعلٰی طبی خدمات کے پیش نظر اس کو میڈیکل ایجوکیشن کا دنیا کا بہترین ادارہ قرار دیا گیا اور سقراط ایوارڈ دیا گیا۔اس کی ڈگری دنیا کی سات بڑی ڈگریوں میں شامل ہے۔ای لاگ کے لاگو ہونے سے معیار تربیت کی موثر مانیٹرنگ کی جائے گی اور اس کو عالمی معیار کے ہم پلہ رکھا جائے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ریزیڈینسی پروگرام پروفیسر محمود ایاز،کنٹرولر امتحان پروفیسر عامر زمان خاں،ڈائریکٹر آلسو پروفیسر محمد طیب سمیت کونسل ممبران، سینئر فیلوز اور نجی بنک کے منیجرچوہدری عثمان احمد موجود تھے۔