13دن گزرنے کے باوجود کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا

13دن گزرنے کے باوجود کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا

لاہور(شہباز اکمل جندران//انوسٹی گیشن سیل)پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کامیاب ہونے والے12ہزار سے زائد امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 13دن گزر نے کے با وجود جاری نہ ہوسکا۔پنجاب کے 12اضلاع سے یونین کونسلوں کے چیئرمین وائس چیئرمین کے علاوہ مختلف کونسلروں کی نشستوں پر مجموعی طورپر 11ہزار سے زائد جبکہ سندھ کے 8ضلعوں میں انہی نشستوں پر 8سو سے زائد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائیگا۔ جبکہ کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں مرحلوں میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کا نوٹیفکیشن اکٹھا ہی جاری ہوگا۔معلوم ہواہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پنجاب اور سندھ کے مجموعی طورپر 20ضلعوں میں یکم نومبر کو الیکشن ہوا۔جس میں مجموعی طورپر 12ہزار سے زائد چیئرمین وائس چیئرمین اور کونسلر کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔پنجاب کے 12ضلعوں لاہور ، فیصل آباد، گجرات ، بھکر، چکوال ،ننکانہ صاحب، قصور، پاکپتن ،اوکاڑہ لودھراں ، وہاڑی اور بہاولنگر میں یونین کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے ایک ہزار 5سو سے زائد امیدوار ،جبکہ وارڈز کے 9ہزار سے زائد ،میونسپل کارپوریشن اور اس کے وارڈز کے ایکہزار سے زائد امیدواروں جبکہ سندھ کے 8ضلعوں سکھر ، خیرپور ، گھوٹکی ،جیکب آباد، کشمور ، قمبر ، لاڑکانہ اورشکارپور میں یونین کونسلوں کے چیئرمین اور کونسلروں کی نشستوں پر 8سو سے زائد امیدوار کامیاب ہوئے۔ریٹرننگ افسروں نے کامیاب ہونے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان 2اور 3نومبر تک کردیا۔ لیکن تاحال الیکشن کمیشن کی طرف سے کامیاب ہونے والے امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوسکا۔اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تینوں مرحلے مکمل ہونے کے بعد کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن ایک ہی مرتبہ جاری ہوگا۔ البتہ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ اگلے ایک ہفتے کے اندر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائیگا۔

مزید : صفحہ اول


loading...