میڈیا میں ترقی اخبارنویسوں کی مرہون منت ہے ، گورنر پنجاب

میڈیا میں ترقی اخبارنویسوں کی مرہون منت ہے ، گورنر پنجاب

لاہور( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ صحافی اور قلم کار قوم کی آنکھیں اور زبان ہوتے ہیں جو مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے حل کے لیے بھی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے ہیں ۔انہو ں نے کہاکہ میڈیا میں ترقی اخبار نویسوں کی مرہونِ منت ہے ، انہو ں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا نے بلاشبہ بے حد ترقی کی ہے تاہم اخبارات کی اہمیت سے بھی انکار ممکن نہیں جب تک اخبارات کا احاطہ نہ کر لیا جائے تشنگی سی رہتی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہو ں نے آل پاکستان نیوز پیپرسوسائٹی کے عہدیداران سے گفت گو کے دوران کیا جنہوں نے سوسائٹی کے صدر حمید ہارون کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم نے میڈیا کی تنقید کا ہمیشہ خندہ پیشانی سے سامنا کیا ہے کیونکہ مثبت تنقید سے ہمیشہ اصلاح کا پہلو نکلتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ اخبار نویس اور قلم کار اپنی تحریروں کے ذریعے قوم کوآگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی آبیاری بھی کرتے ہیں جو یقیناًخوش آئند پہلو ہے ۔انہو ں نے کہا کہ مسائل کس ملک میں نہیں ہوتے ہمیں اپنی خوبیوں اور اچھائیوں کو بھی موصوع قلم بنانا چاہیے تاکہ دنیا میں پاکستان کا صحیح تشخص اجاگر ہو اور قوم کا مورال بڑھے ۔گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار پر یقین رکھتی ہے اور آج ملک کا میڈیا جتنا آزاد ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کا ایجنڈا جمہوریت کا ایجنڈا ہے اور ملکی میڈیا جمہوریت کے استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون نے کہا کہ ہم حکومت سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو ساتھ ساتھ لے کر چلیں اور اشتہارات کی تقسیم میں اخبارات کو بھی اس کا جائز حصہ دیں۔ روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ اخباری مالکان توقع رکھتے ہیں کہ گورنر پنجاب اخبارات کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ قبل ازیں، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ایک تقریب کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ میڈیکل سائنسز کے شعبے میں تر قی یافتہ اقوام کا مقابلہ کرنے کے لئے پہلے سے کہیں زیادہ محنت کرنا ہوگی خاص طور پر تحقیق کی حوصلہ افزائی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں نے دیگر شعبوں کی طرح میڈیکل کے شعبے میں بھی دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے اور پاکستانی ڈاکٹرز اور ماہرین پوری دنیا میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے ماہرین کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف علم و تحقیق کو فروغ ملتا ہے بلکہ مجموعی طور پر تعلیمی کلچر میں بھی مثبت پیش رفت ہوتی ہے۔ گورنر پنجاب نے پاکستان اکیڈمی کو میڈیکل سائنسز کی چالیس سالہ خدمات کو سراہتے ہوئے ماہرین کی حوصلہ افزائی کے لئے کی جانے والے کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیکل اور بائیو میڈیکل سائنسز کے شعبے میں کارہائے نمایاں خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں اور سائنس دانوں میں فیلوشپ اور گولڈ میڈلز تقسیم کئے۔ اس موقع پر ادارے کے سربراہ ڈاکٹر محمد ہمایوں نے اکیڈمی کے قیام کے مقاصد اور کارکردگی پر روشنی ڈالی

مزید : صفحہ اول