بلدیاتی انتخابات پولیس ، سوال انتظامیہ جانبدار رہے ، شکایت پر سخت کارروائی ہو گئی

بلدیاتی انتخابات پولیس ، سوال انتظامیہ جانبدار رہے ، شکایت پر سخت کارروائی ...

لاہور (آئی این پی) چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان جسٹس (ر) سردار رضا خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پولیس اور سول انتظامیہ غیرجانبدار رہے ، کوئی شکایت ملی تو سخت کارروائی کی جائے گی،دوسرے مرحلے میں بھی پولیس پولنگ اسٹیشنوں کے اندر موجود ہو گی جبکہ فوج باہر گشت کرتی رہے گی ، الیکشن کا پرامن ،شفاف اور غیرجانبدارانہ انعقاد یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انتظامات کا جائزہ کے لیے لاہورمیں چیف الیکشن کمشنرجسٹس (س) سرداررضا خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں 12ا ضلاع کے ڈی سی او، ڈی پی او، آر اوز اور ڈی آراوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنرنے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ ہوم سیکرٹری ،آئی جی پنجاب اور چیف الیکشن کمشنر کو سکیورٹی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمیشن سرداررضا خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں الیکشن کمیشن شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن بلاخوف خطر اپنی ذمہ داری پورے کرے گا، بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ بڑی کامیابی سے مکمل کیا اورامید ہے کہ دوسرے مرحلے میں بھی انتخابی عمل احسن طریقے سے مکمل ہوگا۔چیف الیکشن کمشنر نے پولیس اور سول بیوروکریسی کو مکمل غیرجانبدار رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسی کی شکایت ملی تو سخت کارروائی کی جائیگی ، الیکشن کا پرامن ،شفاف اور غیرجانبدارانہ انعقاد یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں بھی پولیس پولنگ اسٹیشنوں کے اندر موجود ہو گی جبکہ فوج باہر گشت کرتی رہے گی۔انہوں نے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس کی نفری بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے طریقہ کار سمیت پہلے 12اضلاع میں ہونے والے انتخابات میں بد انتظامی اور شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا،تاہم چیف الیکشن کمشنر نے تمام پریزائڈنگ افسروں کو وقت پرالیکشن سامان پولنگ اسٹیشن پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے 11ہزار 869پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے جن میں 3 ہزار 112 کو حساس جبکہ 960پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قراردیا گیا ہے۔

مزید : صفحہ اول