کراچی ،وزیراعلیٰ سندھ سے ایس آئی یو ٹی کے سربراہ کی ملاقات

کراچی ،وزیراعلیٰ سندھ سے ایس آئی یو ٹی کے سربراہ کی ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولاجی (ایس آئی یوٹی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوراں ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ SIUT ہر انسان کے لئے رنگ و نسل کے بلاامتیاز"صحت ایک پیدائشی حق ہے" کے فلسفے کے ساتھ اپنی 40 سالہ خدمات کے تحت تقریبات منعقد کر رہی ہے SIUT ہر سال دس لاکھ سے زائد مریضوں کو مفت اور باعزت صحت کی اسٹیٹ آف آرٹ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ اس 40سالہ سیلیبریشن کے موقع پر SIUTکی انتظامیہ نے 8 سے 12دسمبر 2015 کے دوراں عالمی سمپوزیم کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اور اس موقع پر دنیا کے مختلف ممالک سے اس شعبے سے وابسطہ 110 ماہرین شرکت کرینگے اور اس سمپوزیم کے پلیٹ فارم سے یورولاجی، نیفرولاجی، گیسٹروئنٹرولاجی، ہیپاٹوبلیئری ، ٹرانسپلانٹیشن اور بایوایتھکس سمیت مختلف شعبوں کے ملکی و غیرملکی پروفیشنلز علم وآگاہی کے تبادلے سے مستفید ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سمپوزیم سے اس فیلڈ میں موجود مسائل و مواقع کا موازنہ کرنے اور خاص طور پر جنوب ایشیائی خطے کے اس شعبے کے انتظامی امورو حکمت عملی پر غورو خوض کرنے کا موقع ملے گا۔ ڈاکٹر ادیب رضوی نے وزیراعلیٰ سندھ کو سمپوزیم کے سیشن کی صدارت کرنے کی دعوت دی جوکہ وزیراعلیٰ سندھ نے خوشی سے قبول کی۔SIUTکے ڈائریکٹر ڈاکٹر ادیب رضوی نے وزیراعلیٰ سندھ کو SIUTسکھر کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ادارے کی توسیع کاپلان ترتیب دیا ہے اور مزید مریضوں کو صحت کی سہولیات دینے کے لیے 80ملین روپوں کی لاگت سے نیا آپریشن تھیٹر قائم کیا جایئگا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اس موقع پر SIUTکراچی اور سکھر کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے سمپوزیم میں شرکت کرنے کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے 5دنوں کے سمپوزیم کو ایک اچھا موقع قرار دیااور کہا کہ اس سمپوزیم سے نوجوان ڈاکٹرز کو اپنے سینئرز سے سیکھنے کا بہترین موقع ملیگا۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم سندھ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، اسی لئے ان سیکٹرز کے لیے بجٹ میں بڑی رقوم مختص کی گئیں ہیں جس سے نہ صرف ان شعبوں کی ترقی ہوگی، بلکہ نچلی سطح تک عوام کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ SIUTنے ہمیشہ بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور سندھ حکومت نے بھی نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کی بلکہ سندھ کے عوام کے وسیع تر مفاد میں تعاون بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے SIUTکی یہ حوصلہ افزائی اور تعاون مستقبل میں بھی جاری رہیگا۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...