مہاجر جدوجہد میں خواتین کی قربانیاں بے مثال ہیں،آفاق احمد
کراچی (این این آئی) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے شعبہ خواتین کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہاجر جدوجہد میں مرد حضرات نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کیا لیکن اس جدوجہد میں میری ماؤ ں،بہنوں اور بیٹیوں کی قربانیاں بھی بے مثال ہیں ۔آفاق احمد نے کہا طویل عرصہ دہشت گردوں کی درندگیوں کے باوجود ماؤں ،بہنوں نے جس صبر اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اس کی مثال تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر جدوجہد میں خواتین کی شمولیت سے جدوجہد میں تیزی اور منزل قریب ہوتی نظر آرہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ خواتین کارکنان گھر گھر رابطہ کرکے میری ماؤں بہنوں کو پیغام دیں کہ انکے ووٹ مہاجر جدوجد کی کامیابی کیلئے بہت ضروری ہیں۔آفاق احمد نے کہاکہ مہاجر عوام اسلحہ اور لاشوں کی سیاست کو مسترد کرنے اور اسلحہ سے پاک پرامن کراچی کی حمایت کیلئے اپنے ووٹ کو ذریعہ بنائیں۔آفاق احمد نے کہا کہ خواتین خود کو کسی سے کم تر نہ سمجھیں اور مہاجر خواتین کی جدوجہد کی تو ویسے بھی بڑی طویل تاریخ ہے ،یہ خواتین ہی تھیں جنہوں نے قیام پاکستان کے وقت اپنے بھائیوں اور بیٹوں کے شانہ بشانہ عملی جدوجہد کی جنہیں تاریخ آج بھی ’’بی اماں،مادر ملت فاطمہ جناح اور بیگم رعنا لیاقت علی خان ‘‘کے نام سے جانتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مہاجر مائیں ،بہنیں اور بیٹیاں اپنے بھائیوں اور بیٹوں کا کامیاب کرانے کیلئے 5دسمبر کو اپنے گھروں سے نکلیں اور موم بتی پر مہر لگا کراسے کامیاب کرائیں