عمران ’’چچا‘‘ سیاست ، عقل و عمر کی محتاج نہیں ( بلاول بھٹو ) لیڈر لکھی تقریر پڑھنے سے نہیں بنتا ، چیئرمین پی ٹی آئی

عمران ’’چچا‘‘ سیاست ، عقل و عمر کی محتاج نہیں ( بلاول بھٹو ) لیڈر لکھی تقریر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(آن لائن)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کی تقریر پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران چچا سیاست اور عقل میں عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی ،سیاست میں بڑا آدمی عمر سے نہیں بلکہ اعمال سے بنتا ہے،پیروں کو ساتھ لے کرمریدوں سے ووٹ لینا پرتبدیلی نہیں آتی ۔ بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں عبرتناک شکست کے بعدچیئرمین تحریک انصاف عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں ،عمر کوٹ میں بھر پور ناشتے کے بعد عمران کا خطاب اوور ایٹنگ کا شاخسانہ لگتا ہے ،عمران خان سندھ کے ناکام دوروں کے بعد مایوس ہوکر اوٹ پٹانگ باتیں کررہے ہیں ،بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان چچا سے کہا کہ عمر کی حدصرف ریٹائرمنٹ کی حد تک ہوتی ہے آپ کی عمر ریٹائرمنٹ آخری حد بھی کراس کر چکی ہے،سیاست میں عمر کی کوئی قیدنہیں ہوتی وہ بڑا ہوتا ہے جس کے اعمال اچھے ہوں،عمران سندھ میں پیروں کے ساتھ گھوم پھر کر مریدوں سے ووٹ مانگنے آئے ہیں تاہم انہیں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے نتائج میں پتہ چل جائے گا کہ ان کے دوروں سے عوام نے انہیں سندھ میں کس طرح مسترد کیا ہے۔

کراچی،عمرکوٹ(آن لائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بلاول بھٹو زرداری کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ظالم کے خلاف ڈٹ جانے سے بڑا لیڈر بنا جا سکتا ہے ،کاغذپر لکھی تقریر پڑھنے سے کوئی لیڈر نہیں بن سکتا ،آپ ایسی تقریریں نہ کرو ،پہلے بتاؤ آپ کون ہو؟ اور تمہاری تعلیمی قابلیت کیا ہے؟میرے پاس آؤ آپ کو سکھاؤں گا کہ لیڈر کیسے بنا جاتا ہے ،سندھ کے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کیڑے نہ بنو علامہ اقبال کے شاہین بنو ،ظلم ختم نہ ہوا تو آپ کی نسلیں بھی غلامی کرتی رہیں گی ،کوئی بڑا کام کرنا ہے تو سب سے پہلے اپنے اندر خوف ختم کرو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے علاقے عمر کوٹ میں بلدیاتی کے سلسلے میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کے لئے نیا راستہ نکالنے جارہا ہوں ،سندھ کے کئی دہائیوں سے غلامی کررہے ہیں ،غلامی کی دلدل سے نکالنے کیلئے آیا ہوں،انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بزدل آدمی کبھی بھی بڑا کام نہیں کر سکتا ،اگر کوئی بڑا کام کرنا ہے تو سب سے پہلے اپنے اندر بزدلی ختم کرو،اپنے اندر خوف پر قابو پانے والے ہی بڑے انسان اور بہادر ہوتے ہیں ،عمران خان نے وڈیروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگ وڈیروں کے سائے میں جکڑے ہوئے ہیں ،وڈیرے سب سے زیادہ بزدل ہوتے ہیں ،پولیس کے پیچھے چھپتے ہیں ،پولیس کو غلط طریقے سے استعمال کیا جاتا ہے ،بلدیاتی الیکشن میں وڈیرہے عوام کو خوفزدہ کررہے ہیں ،نوجوان وڈیروں سے نجات چاہتے ہیں تو اپنے اندر خوف پیدا کر کے ظلم کے خلاف ڈٹ جائیں ،عمران خان نے علامہ اقبال کا حوالہ دیتے ہوئے سندھ کے لوگوں کو پیغام دیا کہ وہ کیڑے نہ بنیں بلکہ اقبال کے شاہین بنیں،ملک میں باریاں لینے والوں نے ظلم کے علاوہ کچھ نہیں کیا ہے، سندھ کے نوجوانوں کوئی بڑا کام کرنا ہے تو پہلے اپنے اندر خوف کی فضاء کو ختم کرو ،انسان کے سامنے جھکنے سے غیرت ختم ہو جاتی ہے ،مجھے ہار نہیں ہرا سکتی ،میرے اندر گرنے کا خوف ختم ہو چکا ہے ،ساڑھے 24 فٹ کی بلندی سے گرا تھا اب بار بار گرنے کا خوف نہیں ہے ،عمران خان نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بیٹا ایسی تقریریں نہ کرو،پہلے بتاؤ آپ کون ہو؟آپ کی تعلیمی قابلیت کیا ہے؟ کاغذ پر لکھی تقریر پڑھنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا ہے ،لیڈر بننے کیلئے ظلم کے خلاف کھڑا ہونا پڑتا ہے ،انہوں نے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ میرے پاس آؤ آپ کو لیڈر بنانے کے گُر سکھاؤں گا،آپ کو بتاؤں گا لیڈر کیسے بنا جاتا ہے،عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ میں نوجوانوں کی مدد سے بڑی تبدیلی لیکر آرہی ہے ، یہاں سب سے پہلے پولیس ،تعلیم اور ہسپتالوں کے نظام کو تبدیل کریں گے ،لاہور ،پشاور کے بعد کراچی میں بھی شوکت خانم ہسپتال بنانے جارہے ہیں، پشاور شوکت خانم ہسپتال لاہور سے زیادہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جارہا ہے جبکہ کراچی میں ان دونوں شہروں سے بڑا اور بین الاقوامی طرز کا ہسپتال بنانے جارہا ہوں اور اس حوالے سے ہم نے کراچی شہر میں زمین بھی حاصل کر لی ہے جس پر جلد از جلد کام شروع کر دیا جائیگا جبکہ پشاور شوکت خانم ہسپتال کا افتتاح29 دسمبر کو ہوگا