حکمران جماعتیں آئینہ توڑنے کی بجائے اپنی کارکردگی بہتر کریں،لیاقت بلوچ
لاہور( نمائندہ خصوصی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاکہ فوج نے لازوال قربانیاں دے کر عوام میں اپنے لیے عزت کا مقام حاصل کیاہے ۔ اب ملک میں مارشل لاء یا آئین سے بالا کسی اقدام کا نہ وقت ہے اور نہ ہی عالمی اور خطہ کے حالات اس کی اجازت دیں گے البتہ جمہور سے مینڈیٹ حاصل کرنے والی حکمران جماعتیں اپنی کاکردگی سے مایوس کر رہی ہیں ۔ غیر ذمہ دارانہ رویے ، کرپشن اور اقربا پروری سے میرٹ کی پامالی قوم کا روگ بنادیا گیاہے ۔ حکمران جماعتیں آئینہ توڑنے کی بجائے اپنی کارکردگی بہتر کریں ۔ وہ علامہ اقبال ٹاؤن میں زاہد الرحمن ،سمیع الرحمن کی والدہ کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے نیشنل پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل یاسین بلوچ کی ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے پر تعزیت اور غم کااظہار کیا ہے۔