استحصالی عناصر عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں ،خواجہ اظہار الحسن

استحصالی عناصر عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں ،خواجہ اظہار ...

میر پور خاص(خصوصی نامہ نگار)سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ استحصالی عناصر عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں لیکن ایم کیوایم عوام کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور اس نظام کے ثمرات پہنچانے کیلئے آئینی قانونی جدوجہد بھی کرے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز یوسی میر محمد اچھن اورمختلف یوسیز کے وارڈز میں منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حق پرست ایم پی اے وقار شاہ اور میرپورخاص زون کے زونل انچارج مجیب الحق واراکین زونل کمیٹی سلیم رضا قائم خانی،خالد تبسم ،اسلم قریشی نے بھی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کیا ۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ ایم کیو ایم نے عوام کے دلوں میں جو مقام پیدا کیا اسے کوئی ختم نہیں کرسکتااور19نومبر کو میرپورخاص کے حق پرست عوام استحصالی عناصر کو مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم عوامی امنگوں کے مطابق خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لئے مصروف عمل ہے ۔تاریخ گواہ ہے کہ ایم کیو ایم نے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑابلکہ تمام تر نامساعد حالات کے باوجود ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا بھرپور کردار اداکیا ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں حق پرست عوامی نمائندوں نے بے شمار تعمیراتی و ترقیاتی منصوبے مکمل کرائے جن سے عوام بلاتفریق مستفید ہورہے ہیں،ایم کیوا یم نے عوامی خدمت کے زبانی دعوے نہیں کئے بلکہ عملاً بلاتفریق عوام کی خدمت کرکے ثابت کردیا کہ ایم کیو ایم ہی ملک کے غریب و مظلوم عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میرپورخاص کے باشعور عوام 19نومبر کو حق پرست بلدیاتی امیدواران کو کامیاب بنا کر شہر کی ترقی و خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز کریں گے ۔

مزید : کراچی صفحہ آخر