مالی معاملات یونین کونسل کی سطح پر منتقل کرینگے، چودھری محمد سرور
جامکے چٹھہ (نمائندہ پاکستان) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر اور سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عوام نے اختیار دیا تو فنانس کمیشن بنا کر مالی معاملات یونین کونسل کی سطح پر منتقل کرینگے۔(ن) لیگ نے تین سال میں بجلی کے نرخ دو گنا کئے جو پٹرول کی بین الاقوامی قیمتوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔200ارب روپے کی اورینج ریل بنانے کی زبردستی کوشش کی جا رہی ہے۔پی ٹی آئی پولیس کے زور پر الیکشن نہیں لڑیگی۔پیپلز پارٹی کے خاتمے کی وجہ کارکنوں کی بد دلی اور بے وقعتی ہے۔عدنان سرور چیمہ کو حلقہ این اے 101کا آرگنائزر بنانے کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔وہ یہاں رات گئے پی ٹی آئی کی اجتماعی انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام عدنان سرور چیمہ اور جوہر سرور چیمہ نے کیا تھا۔ چوہدری سرور نے کہا کہ اگر عوام نے اختیار دیا تو مالی معاملات طے کرنے کے لئے فنانس کمیشن بنا کر تمام مالی معاملات ضلع، تحصیل، میونسپل کمیٹی اور یونین کونسل کی سطح پر منتقل کردینگے تاکہ وہ اپنے مالی معاملات خود چلائیں ۔مالی معاملات نچلی سطح پر منتقل ہونے سے کسانوں ، نوجوانوں اور تاجروں کے مسائل بنیادی سطح پر ہی حل ہونگے۔ یہ تینوں طبقات حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے یکساں طور پرپریشان اور بے بس ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالی معاملات نچلی سطح پر منتقل ہونے سے کرپشن کے کینسر کو ختم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل کو تباہ کیا گیا ہے اور تین سالوں میں قرضوں کی شرح گذشتہ دس سالوں کے برابر ہے ۔انہوں نے کہ گذشتہ پانچ سالوں میں گردشی قرضوں کا حجم 480ارب روپے سے بڑھ کر 600ارب روپے ہو گیا ہے ۔اب 200ارب اروپے کی لاگت سے اورینج ریل بنانے کی زبردستی کوشش کی جا رہی ہے لیکن عوام کو پینے کا صاف پانی دینے میں بری ناکام ہیں جبکہ بجلی کے نرخ گذشتہ پانچ سالوں کی نسبت دو گنا کر دیئے گئے ہیں جو پٹرول کی بین الاقوامی قیمتوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ جو دعویٰ کرتے تھے کہ اقتدار میں آکر آصف زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹ کر لوٹی ہوئی رقم واپس لائینگے انہوں نے آپس میں مک مکا کرکے عوام کو بے وقوف بنایا لیکن ہم وعدہ کر تے ہیں کہ کرپشن کی رقم ان کے پیٹوں سے نکالینگے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایسا عہدہ قبول نہیں کرینگے جس سے لوگوں کو فائدہ نہ ہو۔وہ عوام کی فلاح کے لئے گورنر ہاؤس چھوڑ کر سڑکوں پر پھر جرہے ہیں ۔لوگوں کو ایک مسکراہٹ دینا گورنری سے کہیں بہتر ہے۔انہوں نے کہا کارکن پارٹی کا سرمایہ اور ہراول دستہ ہیں۔پیپلز پارٹی نے اپنے کارکنوں کی قدر نہیں کی اور کرپشن میں الجھ گئی اس لئے یہ پارٹی چاروں صوبوں سے نکل کر صرف سندھ پر اکتفا کرنے پر مجبور ہے۔ آرکنائزر حلقہ این اے 101عدنان سرور چیمہ نے کہا کہ عوام نے اپنے ووٹ کا صحیح استعمال نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ سزا بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مقامی قائدین لاہور اور اسلام آباد کے چکر نہ لگائیں اور آپس میں مذاکرات کر کے معاملات کو طے کریں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیرآباد میں سیاست کو کاروبار بنا دیا گیا ہے جس کا وہ خاتمہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے صرف ایک کام کیا ہے کہ انہوں نے حامد ناصر چٹھہ کو پہلے خوب بھگایا اور پھر اس کی سیاست ختم کر دی۔اب انہیں سمجھ نہیں آ رہی ہے کہ وہ کیا کریں اور اتحاد تلاش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سابق جنرل سیکریٹری پنجاب عثمان سعید بسرا، عمر سرفراز چیمہ، سابق صد ر گوجرانوالہ رانا تعمیم الرحمان نے بھی خطاب کیا۔