حکمران آئین سے انحراف کر رہے ہیں، اداروں کے ٹکراؤ سے ملک کا نقصان ہو گا: سراج الحق

حکمران آئین سے انحراف کر رہے ہیں، اداروں کے ٹکراؤ سے ملک کا نقصان ہو گا: سراج ...

لاہور( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اداروں کے درمیان ٹکراؤ سے نقصان ملک کا ہوگا۔حکمرانوں نے 73کے متفقہ آئین سے کھلواڑ کی کوشش کی تو عوام انہیں برداشت نہیں کریں گے ۔وزیر اعظم جب سے امریکہ کی یاترا کرکے آئے ہیں لبرل لبرل کی رٹ لگا رکھی ہے ۔حکمران آئین سے انحراف اور بے وفائی کررہے ہیں ۔ الیکشن کمیشن اگر آئین پر عمل کرے تو آج اسمبلیوں میں براجمان بہت سے چہرے نظر نہیں آئیں گے ، 68سال میں عوام نے کئی بار آمریت اور نام نہاد جمہوریت کوبھگتا مگر ملکی حالات بد سے بدترین ہو گئے ہیں ۔عوام کے دکھوں کا مداوا صرف شریعت کے نفاذ میں ہے ۔ جماعت اسلامی ملک میں غلبہ دین کے مشن پر کاربندہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دستور متفقہ ہے اس پر تمام سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران کے دستخط ہیں ۔ دستور کی رو سے یہ ملک اسلامی ہے لیکن حکمران آئین کو متنازعہ بنا نے پر تلے ہوئے ہیں تاکہ امریکہ سمیت اپنے مغربی آقاؤں کوخوش کرسکیں لیکن آئین کو اگرایک بار چھیڑا گیا تو دوبارہ قوم کو اس پر متحد کرنا مشکل ہوجائے گا۔ آئین میں پاکستان کو اسلامی جمہوریہ اور ریاست کا مذہب اسلام تسلیم کیا گیا ہے ،ملک میں قرآن و سنت سے متصادم کسی قانون کی اجازت نہیں بلکہ آئین میں یہ درج ہے کہ پاکستانی عوام کو قرآن و سنت کے مطابق زندگی گزارنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک نظریاتی ریاست اور اسلامی مملکت ہے ،جس کی بنیاد ہی کلمہ طیبہ ہے ،لیکن وزیرا عظم امریکہ سے واپسی پر مسلسل ایسی باتیں کررہے ہیں جو آئین سے متصادم ہیں ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...