نواز شریف بیرونی خوشودی کیلئے خود کو لبرل ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: حافظ سعید

نواز شریف بیرونی خوشودی کیلئے خود کو لبرل ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: حافظ ...

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف بیرونی قوتوں کی خوشنودی کیلئے خود کو لبرل ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔دیوالی کی تقریب میں شرکت اور ہولی پررنگ پھینکے جانے کی خواہشات کا اظہار اسی مقصد کے تحت کیا جارہا ہے۔ مسلمانوں اور ہندوؤں کا کلچر و ثقافت اور رہن سہن ایک نہیں۔ قیا م پاکستان کے وقت لاالہ الااللہ کا نعرہ نہ لگتا تو مسلمان متحد ہوتے اور نہ ہی الگ ملک حاصل ہوتا۔اسلام اقلیتوں کے حقوق کا سب سے بڑ امحافظ ہے۔ وطن عزیز پاکستان کا دفاع اور باہمی لڑائی جھگڑوں کا خاتمہ قرآن و سنت کی رہنمائی میں پالیسیاں ترتیب دینے سے ہی ممکن ہے۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف مودی کی انتہاپسندی کے مقابلہ میں دنیا کے سامنے خود کو لبرل ثابت کرنا چاہتے ہیں۔کبھی مسلمانوں اور ہندوؤں کی برادریوں، رہن سہن اور کلچر و ثقافت کے ایک ہونے کی باتیں کی جاتی ہیں تو کبھی دیوالی کے موقع پر ہولی کے تہوار میں بھی شرکت اور خود پر رنگ پھینکے جانے کی خواہش کا اظہا رکیا جاتا ہے۔قیام پاکستان سے قبل گاندھی نے ہندو مسلم بھائی بھائی کا نعرہ لگایا مگر قائداعظم محمد علی جناح نے کہاکہ تم میرے بھائی نہیں بلکہ سمندر پار موجودلاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ پڑھنے والامیرا بھائی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتوں کی طرف سے مسلم حکمرانوں کو یہ ہدایات دی جارہی ہیں کہ وہ اسلام کا نام لینا چھوڑیں اور لبرل و سیکولر بن کر دکھائیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ اول