صحافی اور قلمکار قوم کی آنکھیں اور زبان ہوتے ہیں،گورنر پنجاب

صحافی اور قلمکار قوم کی آنکھیں اور زبان ہوتے ہیں،گورنر پنجاب

لاہور( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ صحافی اور قلمکار قوم کی آنکھیں اور زبان ہوتے ہیں جو مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے حل کے لیے بھی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے ہیں ۔انہو ں نے کہاکہ میڈیا میں ترقی اخبار نویسوں کی مرہونِ منت ہے ، انہو ں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا نے بلاشبہ بے حد ترقی کی ہے تاہم اخبارات کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں جب تک اخبارات کا احاطہ نہ کر لیا جائے تشنگی سی رہتی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہو ں نے آل پاکستان نیوز سوسائٹی کے عہدیداران سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے سوسائٹی کے صدر حمید ہارون کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم نے میڈیا کی تنقید کا ہمیشہ خندہ پیشانی سے سامنا کیا ہے کیونکہ مثبت تنقید سے ہمیشہ اصلاح کا پہلو نکلتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ اخبار نویس اور قلم کار اپنی تحریروں کے ذریعے قوم کوآگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی آبیاری بھی کرتے ہیں جو یقیناًخوش آئند پہلو ہے ۔انہو ں نے کہا کہ مسائل کس ملک میں نہیں ہوتے ہمیں اپنی خوبیوں اور اچھائیوں کو بھی موضوع قلم بنانا چاہیے تاکہ دنیا میں پاکستان کا صحیح تشخص اجاگر ہو اور قوم کا مورال بڑھے ۔گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار پر یقین رکھتی ہے اور آج ملک کا میڈیا جتنا آزاد ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون نے کہا کہ ہم حکومت یہ توقع رکھتے ہیں کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو ساتھ ساتھ لے کر چلیں اور اشتہارات کی تقسیم میں اخبارات کو بھی اس کا جائز حصہ دیں۔ روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ اخباری مالکان توقع رکھتے ہیں کہ گورنر پنجاب اخبارات کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ قبل ازیں، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ایک تقریب کے دوران گورنر پنجاب نے میڈیکل اور بائیو میڈیکل سائنسز کے شعبے میں کارہائے نمایاں خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں اور سائنس دانوں میں فیلوشپ اور گولڈ میڈلز تقسیم کئے۔

مزید : ملتان صفحہ اول


loading...