قومی وطن پارٹی کے رہنما ہاشم بابر ضمانت خارج ہونے پر بیٹے سمیت عدالت سے فرار

قومی وطن پارٹی کے رہنما ہاشم بابر ضمانت خارج ہونے پر بیٹے سمیت عدالت سے فرار

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی وطن پارٹی کے رہنما ہاشم بابر ضمانت خارج ہونے پر اپنے بیٹے سمیت عدالت سے فرار ہوگئے ہیں۔ نجی ٹی وی اے آروائی نیوز کے مطابق ہاشم بابر پر ڈی جی ملٹری لینڈ میں 7 کروڑ کے ٹیکس فراڈ کا مقدمہ درج ہے۔ ضمانت کی درخواست کی سماعت کیلئے وہ ہفتہ کے روز عدالت کے روبرو پیش ہوئے جہاں عدالت نے ان کی ضمانت خارج کردی۔ ضمانت خارج ہونے پر ہاشم بابر اپنے بیٹے کے ہمراہ عدالت سے فرار ہوگئے ۔ ہاشم بابر کی گرفتاری کیلئے ایف بی آر انٹیلی جنس نے چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں۔

ہاشم بابر پشاور سے تعلق رکھتے ہیں اور 2012میں انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے فنانس سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2013 کے جنرل الیکشن میں پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔قومی وطن پارٹی میں وہ خیبرپختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری کے عہدے پر تعینات ہیں۔

مزید : اسلام آباد