دنیا کا واحد اخبار جو آج بھی پورا ہاتھ سے لکھا جاتا ہے، یہ اردو اخبار کہاں سے شائع ہوتا ہے؟ آپ بھی جانئے

دنیا کا واحد اخبار جو آج بھی پورا ہاتھ سے لکھا جاتا ہے، یہ اردو اخبار کہاں سے ...
دنیا کا واحد اخبار جو آج بھی پورا ہاتھ سے لکھا جاتا ہے، یہ اردو اخبار کہاں سے شائع ہوتا ہے؟ آپ بھی جانئے

  

چنائی(مانیٹرنگ ڈیسک) آپ میں سے بہت سے لوگ جانتے ہوں گے کہ جدید ٹیکنالوجی آنے سے پہلے تمام اخبارات ”کاتب“ ہاتھ سے لکھتے تھے۔ اس کے بعد انہیں ایک سادہ سی پرنٹنگ مشین پر چھاپا جاتا تھا مگر کمپیوٹر نے جہاں دیگر امورزندگی میں انسان کو آسانی دی وہیں پرنٹ میڈیا کی صنعت میں بھی اس نے انقلاب برپا کر دیا۔آج دنیا کا ہر اخبار کمپیوٹر کے ذریعے ٹائپ، ڈیزائن اور پھر پبلش کیا جاتا ہے لیکن آج کے اس جدید دور میں بھی بھارت کا ایک ”اردو“اخبار ایساہے جو اس پرانی روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ اس اخبار کا نام ”روزنامہ مسلمان“ ہے جو 1927ءمیں بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنائی سے شروع ہوا تھا۔ آج اس روزنامہ کی مسلسل اشاعت کو 88سال گزر چکے ہیں مگر آج بھی اسے پہلے کاتب لکھتے ہیں اور پھر انہی پرانی مشینوں پر اس کی چھپائی کا کام ہوتا ہے۔

مزید جانئے: دنیا کے وہ ائیرپورٹ جہاں دہشت گردوں کے حملوں کا امکان سب سے زیادہ ہے،۔ کون کونسے مشہور شہر شامل ہیں؟ آپ بھی جانئے

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سید عظمت اللہ مرحوم روزنامہ مسلمان کے بانی تھے۔ اب ان کے پوتے سید عارف اللہ اس کے ایڈیٹر ہیں۔ آج کل اس کی 21ہزار کاپیاں شائع ہوتی ہیں اور اس کی قیمت بھارتی کرنسی میں صرف 75پیسے ہے جو پاکستانی روپوں میں تقریباً 1روپیہ 20پیسے بنتی ہے۔ اخبارچنائی کے علاوہ دہلی، ممبئی اور کلکتہ سمیت پورے بھارت میں روزانہ قارئین کو بذریعہ ڈاک بھیجا جاتا ہے۔ اس کے قارئین میں صرف مسلمان ہی نہیں ہندو و دیگر مذاہب کے لوگ بھی شامل ہیں۔اس میں شائع ہونے والے زیادہ تر اشتہار اسے ایجنسیوں اور حکومت کی طرف سے ملتے ہیں لیکن پرائیویٹ سیکٹر سے بھی اسے اشتہارات دیئے جاتے ہیں۔ ان میں سے کچھ اشتہار ڈیجیٹل ہوتے ہیں مگر باقی اشتہار بھی ہاتھ سے لکھے اور ڈیزائن کیے جاتے ہیں۔بنیادی طور پر روزنامہ مسلمان بلیک اینڈ وائٹ اخبار ہے لیکن اگر کوئی کمپنی رنگین اشتہار شائع کروانا چاہے تو اس روز اس کی رنگین اشاعت کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔اخبار کے ورکرز کی تعداد 30سے 35ہے جن میں 3رپورٹرز اور 3کاتب ہیں۔ کاتبین میں 2خواتین شامل ہیں۔

اخبار کے ایڈیٹر سید عارف اللہ نے خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اخبار کے تمام ورکرز ایک خاندان کی طرح رہتے ہیں۔ اگر کسی ایک ورکر سے کوئی غلطی ہو جائے تو ہر ایک اس کی مدد کے لیے آگے آ جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک کاتب کو قلم دوات سے اخبار کا ایک صفحہ لکھنے میں 2گھنٹے لگتے ہیں۔کبھی کبھار ایسا بھی ہوتا ہے کہ کاتب سے کوئی بڑی غلطی ہو جائے تو پورا صفحہ ہی دوبارہ لکھنا پڑ جاتا ہے۔اس کے بعد اس صفحے کو نیگٹو میں تبدیل کیا جاتا ہے اور پھر اسے چھاپہ خانے بھیج دیا جاتا ہے۔یہ اخبار 4صفحات پر مشتمل ہے۔ پہلے صفحے پرپورے بھارت کی خبریں شائع کی جاتی ہیں۔ دوسرے صفحے پر بین الاقوامی خبریں اور تیسرے صفحے پر قرآن مجید کی آیات اور ان کے تراجم شائع کیے جاتے ہیں جبکہ چوتھے اور آخری صفحے پر ملی جلی خبریں اور اشتہارات ہوتے ہیں۔روزنامہ مسلمان اس وقت شاید دنیا کا واحد اخبار ہے جو ہاتھ سے لکھا جاتا ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس