زہریلی مکڑیوں کا خوف ،لندن کے دو پرائمری سکول ایک ہفتے کے لئے بند۔۔۔۔

زہریلی مکڑیوں کا خوف ،لندن کے دو پرائمری سکول ایک ہفتے کے لئے بند۔۔۔۔
زہریلی مکڑیوں کا خوف ،لندن کے دو پرائمری سکول ایک ہفتے کے لئے بند۔۔۔۔

  

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک )دنیا میں مکڑیوں کی بے شمار اقسام ہیں ، مکڑیا ں کا جالے بنانا تو عام سی بات ہے لیکن کبھی کسی مکڑی کے کاٹنے کی خبر شاذونادر ہی سننے میں آئی ہے ۔ایسے گھر جن میں کوئی نہ رہتا ہو یا ایسے سکولز جو عرصہ سے تدریسی سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے بند ہوں وہاں مکڑیوں کا پایا جا نا عجیب نہیں لیکن مکڑیوں کی وجہ سے کسی ایسے تعلیمی ادارے کی عارضی بندش جہاں روز سینکڑوں طلباءآتے ہوں پہلی مرتبہ سننے میں آئی ہے ،جی ہاں لندن میں ٹاور ہیملٹس کے علاقے میں واقع دو پرائمری سکولوں کو زہرلی مکڑیوں سے متاثر ہونے کی بناءپر عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لندن میں ٹاور ہیملٹس کے علاقے میں واقع دو پرائمری سکولوں عثمانی سکول ،اور تھامس بکسٹن سکول کو زہریلی مکڑیوں سے متاثر ہونے کی بناپرسکول کے سینکڑوں طالب علموں کو گذشتہ روز گھر واپس بھیج کر سکول ایک ہفتے کے لئے بند کر دیا گیا ۔ٹاور ہیملٹس کی ضلع کونسل کے ماہرین نے دونوں سکولوں کے تفصیلی معائنے کے بعد بتایا کہ مکڑیاں دیکھنے میں زہریلی مکڑی”بلیک ویڈو“ سے مشاہبت رکھتی ہیں، انہیں فی الوقت خطرناک تو قرار نہیں دیا جا سکتا لیکن یہ کسی کو بھی کاٹ سکتی ہیں۔دوسری طرف سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیڑوں پر قابو پانے والے عملے کی طرف سے ان مکڑیوں کاچند روز میں خاتمہ کر دیا جائے گاجس کے بعد سکول دوبارہ سے کھول دیا جائے گا ۔کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت اور احاطہ بری طرح سے زہریلی مکڑیوں سے متاثر ہوا ہے اور فی الحال پیسٹ کنٹرول ٹیم دونوں اسکولوں کو مکڑیوں سے پاک کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں تاہم اسٹاف اور طالب علموں کی صحت کے خدشات کے حوالے سے اسکولوں کو آئندہ ہفتے تک بند رکھا جائے گا۔” بلیک ویڈو مکڑی“ برطانیہ میں پائے جانے والے زہریلے 650حشرات میں سے ایک ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بلیک ویڈو نامی زہریلی مکڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے حتی کہ یہ برطانیہ کے انتہائی شمالی سرد علاقے اسکاٹ لینڈ میں بھی دیکھی گئی ہیں۔

مزید : ڈیلی بائیٹس