جے آئی ٹی نے میرے خلاف جھوٹی رپورٹ پیش کی، ان کو ایسا کرتے ہوئے شرم آنی چاہیئے،میرے خلاف جو کرنا ہے کر لیں، مجھے کسی بات کا ڈر نہیں:اسحاق ڈار
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے میرے خلاف جھوٹی رپورٹ پیش کی، ان کو ایسا کرتے ہوئے شرم آنی چاہیئے، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے میرے خلاف لگائے گئے الزامات بالکل غلط ہیں،تحریک انصاف کے رہنما کسی ٹی وی پروگرام میں آ کر میرے ساتھ بات کریں،میں ان کو غلط ثابت کروں گا۔
نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی عوام پر صرف مہنگائی بم گرایا اور ملک پر قرضے چڑھا دیے، تحریک انصاف کو عوام کے اوپر بوجھ ڈالنے والی ایم آئی ایف کی کسی شرط کو نہیں ماننا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ملک کی خدمت عبادت سمجھ کر کی، ایک ایک پیسے کا حساب دینے کے لیے تیار ہوں ،نیب اس وقت سیاسی انتقام لے رہا ہے، میرے خلاف جو کرنا ہے کر لیں، مجھے کسی بات کا ڈر نہیں ہے کیونکہ میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت نے پاکستان آرگنائزیشن فار اکنامک کاپریشن اینڈ ڈیویلپمنٹ (او ای سی ڈی) کی کوشش نہیں کی لیکن مسلم لیگ (ن) کی کابینہ کو اس بات کا سہرا جاتا ہے کہ ہم نے پاکستان کو اس ادارے کا ممبر بنایا۔