ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سموگ کا سلسلہ برقرار ‘ معمولات زندگی متاثر

ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سموگ کا سلسلہ برقرار ‘ معمولات زندگی متاثر

ملتان ‘ رحیم یار خان ‘ بہاولپور ‘ عبدالحکیم ‘ احمد پور سیال ‘ لیہ ( سٹاف رپورٹر ‘ وقائع نگار ‘ نمائندگان ) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سموگ کا سلسلہ برقرار ‘ معمولات زندگی متاثر ۔ ملتان سے سٹاف رپورٹر ‘ وقائع نگار کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب کو سموگ نے لپیٹ میں لے لیاہے۔ (بقیہ نمبر53صفحہ7پر )

گزشتہ روز بھی سموگ چھائی رہی جس کے باعث شہری تکلیف میں مبتلا رہے ۔ خصو صاً سانس کے مریضوں کی تکلیف بڑ ھ گئی ۔سموگ کے باعث ٹریفک کے بھی مسائل درپیش رہے جبکہ ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ۔ سموگ کے پیش نظرشاہراہوں پر چھڑکاؤکا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔ڈاکٹروں نے سموگ کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں اسموگ کا راج برقرار، اسموگ سے متاثر مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ، نشتراسپتال میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک سو پندرہ مریض رپورٹ ہوئے تفصیل کے مطابق اسموگ سے سانس کی تکلیف کے بیالیس دمہ کے چھتیس دل کیامراض اور اسٹروک کے سینتیس مریض نشتراسپتال میں داخل ہوئے۔ ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر امجد چانڈیو کے مطابق آوٹ ڈور میں بھی روزانہ اسموگ سے متاثرہ دو سو سے ڈھائی سو مریض آرہے ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو اسموگ کے دوران محکمہ صحت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کی سختی سے تنبیہہ کی ہے۔رحیم یار خان سے نمائندہ پاکستان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر (ایچ آر)ریاست علی نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع رحیم یار خان میں سموگ ایک ہفتہ جاری رہنے کا امکان ہے ، شہریوں بلخصوص موٹر سائیکل، رکشہ و دیگر کھلی سواریاں استعمال کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی ہدایت پر سٹی پُل رحیم یار خان میں شہریوں میں مفت ماسک تقسیم کرتے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بہاولپور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق پنجاب ہائی وے پٹرول بہاول پور ریجن کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی ہدایت پر سموگ آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس حوالے سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول فتو والی میں سموگ کے حوالے سے لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ دوران لیکچر ڈی ایس پی بختیار احمد نے سموگ کے حوالے سے طلبا اور اساتذہ کو اہم معلومات فراہم کیں۔ انچارج پٹرولنگ پولیس فتو والی، انچارج موبائل ایجوکیشن یونٹ نوید عابد شریک تھے۔ عبدالحکیم سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ایک ہفتہ قبل شروع ہونے والا سموگ کا سلسلہ بد ستور جاری ہے جس سے شہری آنکھوں،گلے ،الرجی اور چیسٹ انفیکشن کا شکار ہورہے ہیں،خاص طور پر چھوٹے بچے ،بزرگ شہری اور سکول جانے والے طلباء سموگ کا زیادہ شکار ہو رہے ہیں، ،شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سموگ سے بچنے کے لیے اس کی احتیاطی تدابیر کے لیے لوکل سطح پر آگاہی مہم کا سلسہ شروع کرنے کے ساتھ سرکاری اسپتالوں میں خصوصی طور اس بیماری سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے ادویات کی فراہم کو یقینی بنایا جائے۔ احمد پور سیال سے نامہ نگار کے مطابق قائم مقام ڈپٹی کمشنر واحد ارجمند ضیا ء کی ہدایت پر انسداد سموگ کے حوالہ سے ضلع بھر میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں گزشتہ روز گورنمنٹ ڈگری کالج شورکوٹ میں محکمہ صحت کے تعاون سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیاگیاجس میں محکمہ صحت کے افسران و ملازمین سمیت کالج اساتذہ و دیگر سٹاف اور طلباء نے شرکت کی۔ سموگ سے آگاہی اور بچاؤ کی معلومات پر مبنی پمفلٹس بھی طلباء میں تقسیم کئے گئے۔ لیہ سے نمائندہ پاکستان کے مطابق سموگ کے مضر اثرات سے بچاؤ کے لیے آگہی مہم کلیدی اہمیت کی حامل ہے یہ بات سی ای اوصحت ڈاکٹر آغا توحیداحمد خان نے ایم این سی ایچ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سیمینار میں ڈاکٹر مزمل کریم ،ملک غلام یاسین ،ڈاکٹر سجاد حسین نے لیڈی ہیلتھ ورکرز ،سپر وائزر کو حفاظتی انتظامات کے بارے کے تفصیلی طورپر آگاہ کیاتاکہ وہ فیلڈ میں جاکر آگہی دے سکیں ۔بعدازاں سی ای اوصحت ڈاکٹر آغا توحیداحمد خان کی قیادت میں واک کی گئی۔

سموگ

مزید : ملتان صفحہ آخر