ڈاہرانوالہ :پرائیویٹ سکول سے بچے اغوا کرنیکی کوشش، مشن فلاپ ہونے پر ملزم فرار

ڈاہرانوالہ :پرائیویٹ سکول سے بچے اغوا کرنیکی کوشش، مشن فلاپ ہونے پر ملزم فرار

ڈاہرانوالہ(نامہ نگار) ڈاہرانوالہ نجی سکول سے بچوں کے اغواء کی کوشش ناکام بنادی گئی ملزم کاشف رفیق نے خود کو معروف کاروباری شخصیت محمد رفیع کا ملازم ظاہر کرکے ان کے بچے (بقیہ نمبر47صفحہ12پر )

ساتھ لے جانے کی کوشش کی،سکیورٹی گارڈ نے تصدیق کے لیے بچوں کے والدین کو فون کیا تو ملزم موقع سے فرار ہوگیا، تفصیلات کے مطابق ڈاہرانوالہ کی معروف کاروباری اور سیاسی شخصیت حاجی محمد رفیع اور ان کے بھائی محمد تقی کے بچے پرائیویٹ سکول میں تھے کہ ملزم کاشف رفیق ولد محمد رفیق نے سکول پرنسپل محمد عمران کو فون کرکے خود کو محمد تقی ظاہر کیا اور کہا کہ ہمارا ملازم آ رہا ہے ہمارے بچے اس کے ساتھ بھیج دو، پھر کچھ دیر بعد ملزم کاشف رفیق بچوں کو لینے سکول پہنچ گیا تاہم سکیورٹی گارڈ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا اور بچوں کے والد محمد تقی سے کنفرم کرنے کے لیے کال کی تو انکشاف ہوا کہ محمد تقی نے بچوں کو لینے کسی کو نہیں بھیجا، تاہم ملزم فوری طور پر موقع سے فرار ہو گیا جسے بعد میں شناخت کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق ڈاہرانوالہ کے نواحی گاوں چک نمبر 168 مراد کا رہائشی کاشف رفیق ولد محمد رفیق اور اس کا نا معلوم ساتھی بچوں کو اغوا کر کے محمد رفیع اور ان کے بھائی محمد تقی کو بلیک میل کرنا چاہتے تھے، واقع کے بعد علاقہ بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، اس سلسلہ میں تھانہ ڈاہرانوالہ کے ایس ایچ او ماجد اقبال کا کہنا تھا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جلد ہی ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، ایس ایچ او ماجد اقبال نے دیگر نجی و سرکاری سکولوں کی سکیورٹی بڑھانے پر زور دیا ہے اور والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو خود سکول چھوڑیں اور لے کے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ بچا جا سکے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر