بجلی چوری تدراک اور بقایات جات کی وصولی میں ٹیسکو سے تعاون ناگزیر ہے: جاوید خان مروت

بجلی چوری تدراک اور بقایات جات کی وصولی میں ٹیسکو سے تعاون ناگزیر ہے: جاوید ...

پشاور (سٹاف رپورٹر)کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان جاوید خان مروت نے کہا ہے کہ نئے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستا ن اور ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے ملحقہ قبائلی علاقوں میں بجلی چوری کے تدارک اور بقایا جات کی وصولی کیلئے انتظامیہ ٹیسکو کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈیرہ ڈویژن کے قبائلی علاقوں میں بقایا جات کی وصولی اور بجلی چوری کے خاتمے کے امور پر غورو خوص کیا گیا۔اجلاس میں ٹیسکو کے چیف ایگزیکٹیو میاں حامد ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹیسکو اور سیکرٹری ٹو کمشنر نعمت ا ﷲ خان کے علاوہ ضلع شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے ایکسین نے بھی شرکت کی۔ کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹیوٹیسکو نے بتایا کہ چونکہ قبائلی علاقوں میں صنعتی ، کمرشل اور زرعی مقاصد کیلئے استعمال ہونیوالی بجلی کے زیادہ تر میٹرگرڈ سٹیشن کی حدودمیں نصب کیے گئے ہیں لہذا ان علاقوں میں بجلی چوری کا مسئلہ دیگر علاقوں کی طرح سنگین نہیں تاہم بعض صارفین کے ذمے بہت بھاری بقایا جات موجود ہیں جسکی وصولی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ کمشنر ڈیرہ نے انہیں اس مسئلے پر ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا مگر ساتھ ہی انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ متعلقہ ادارہ بروقت اپنے بقایا جات وصول کرنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ اکثر محکمے بروقت اپنے فرائض خوش اسلوبی سے ادا نہیں کرتے جس کی وجہ سے پھر انتظامیہ کو آپریشن سمیت دیگر سخت اقدامات اٹھانے پڑتے ہیں جس سے نہ صرف عام شہری متاثر ہوتے ہیں بلکہ انتظامی مشینری پر بھی زائد بوجھ پڑتا ہے۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ٹیسکو نے قبائلی اضلاع میں دیگر بندوبستی علاقوں کی طرح تمام صنعتی ، تجارتی اور زرعی کنکشنزکے میٹر موقع پر لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم گھریلو صارفین کیلئے میٹروں کی تنصیب کا فیصلہ بعد میں کیا جائیگا۔ اس موقع پر کمشنر نے امید ظاہر کی کہ بجلی کے صارفین سے ناروا زیادتی نہیں کی جائیگی اور نہ ہی شیڈول سے ہٹ کر لوڈشیڈنگ کی جائیگی۔ کمشنر نے توقع ظاہر کی کہ قبائلی علاقوں کے لوگ بھی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور ٹرپنگ سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے اپنے بل بروقت ادا کریں کیونکہ اس کے علاوہ ان مصائب سے گلو خلاصی کا کوئی اور ذریعہ نہیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر