گوادر بندرگاہ کی ترقی سے سرمایہ کاری کیلئے آنے والوں کی تعداد بڑھنے لگی
اسلام آباد(اے پی پی) گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین جمالدینی نے کہا ہے کہ بندرگاہ کو ترقی دینے کے نتیجہ میں یہاں پر بزنس اور سرمایہ کاری کیلئے آنے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے چین کے اخبار ’’چائنہ ڈیلی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لینے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، بندرگاہ کی ترقی میں چین نے ہماری مدد کی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کا کاروبار بھی فروغ پا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کو ترقی دینے کے عمل میں مستقبل کی ضروریات کا احاطہ کیا گیا ہے جس سے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہ کے تعمیراتی کام میں تیزی کے باعث پاکستان کا اس بندرگاہ پر انحصار بڑھ رہا ہے، یہ بندرگاہ خطہ میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔