سعودی عرب میں خواتین ڈرائیورز پر مشتمل ٹیکسی سروس اگلے ہفتے شروع ہوگی
ریاض (اے پی پی) سعودی عرب میں تربیت یافتہ خواتین ڈرائیورز پر مشتمل ٹیکسی سروس آئندہ ہفتے شروع ہو جائے گی۔سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے سے تربیت یافتہ خواتین ڈرائیورز ’’فیملی ٹیکسی کیبس‘‘اپنا کام شروع کر سکیں گی جس کا مقصد خاص طور خواتین اور بچوں کو سہولت دینا ہے تا کہ وہ اطمینان کے ساتھ سفر کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی خواتین ڈرائیورز کی ٹیکسیاں رجسٹرڈ ہوں گی اور ان کو تربیت بھی حکومت ہی فراہم کرے گی۔ایسی سعودی خواتین کو بھرتی کیا جا رہا ہے جو درجہ اول کے ڈرائیور لائسنس کی حامل ہیں اور ان کو کوئی متعدی بیماری اور نشے کی عادت لاحق نہیں ۔
فیملی ٹیکسیز میں مرد مسافر بچوں کے ساتھ ٹیکسی کی پچھلی نشست پر بیٹھے گے جبکہ خاتون خانہ فرنٹ سیٹ پر براجمان ہوں گی۔انھوں نے بتایا کہ ابتداء میں ایسی 10ٹیکسیاں چلیں گی جو پانچ سال سے پرانی نہیں ہوں گی اور جی پی ایس نظام سے لیس ہوں گی۔صفائی ستھرائی اور دیگر کے حوالے سے ان گاڑیوں کی انسپکشن ہوا کرے گی۔
hma/irf/mmq 1157