فلسطین کیخلاف دوستانہ میچ کیلئے قومی ٹیم گزشتہ رات براستہ دوبئی، اردن روانہ

فلسطین کیخلاف دوستانہ میچ کیلئے قومی ٹیم گزشتہ رات براستہ دوبئی، اردن روانہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) فلسطین کیخلاف دوستانہ میچ کے لیے پاکستان فٹبال ٹیم گزشتہ رات براستہ دوبئی، اردن روانہ ہو گئی جہاں سے وہ فلسطین پہنچیں گے، پی ایف ایف کو کھلاڑیوں کے ویزے موصول ہوتے ہی ٹیم کی روانگی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے، فلسطین اور پاکستان کی ٹیموں کے مابین دوستانہ میچ 16 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے سکواڈ میں 17 کھلاڑی اور 4 آفیشلز شامل ہیں۔ منتخب کھلاڑیوں میں یوسف اعجاز بٹ، احسان اللہ، عمر حیات، ارسلان علی، نوید احمد، ذیشان رحمان، مہدی حسن، یعقوب اعجاز بٹ، عدنان یعقوب، صدام حسین، عمیر علی، حسن بشیر، محمد علی، محمود خان، نوید رحمان اور منں صور شامل ہیں۔۔ہیڈ کوچ جوز انتونیو ناگورا،۔معاون محمد حبیب، ٹرینر جوز پورٹیلا اور محمد عدنان بھی ہمراہ ہیں۔

ہیڈ کوچ جوز انتونیو نا گورا کا کہنا ہے کہ آئندہ چیلنجز کی تیاری کے لئے پاکستان ٹیم کا زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنا ضروری ہے، پی ایف ایف کی طرف سے کھلاڑیوں کو ہرممکن مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، امید ہے کہ ٹیم بہتری کی طرف اپنا سفر جاری رکھے گی۔ صدرپی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے پاکستان ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تسلسل کے ساتھ انٹرنیشنل مصروفیات کھلاڑیوں کی کارکردگی نکھارنے میں اہم کردار ادا کریں گی، فیڈریشن اپنے تمام تر وسائل کھلاڑیوں پر خرچ کرنے پر یقین رکھتی ہے، بہت جلد ان کوششوں کے مثبت ثمرات بھی سامنے آئیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی