جے یو پی تحفظ ناموس رسالتؐ ملین مارچ میں بھرپور شرکت کریگی،اویس نورانی

جے یو پی تحفظ ناموس رسالتؐ ملین مارچ میں بھرپور شرکت کریگی،اویس نورانی

لاہور( نمائندہ خصوصی) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ جے یو پی 15 نومبر کو لاہور میں ہونے والے تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی۔ 15 نومبر کا ملین مارچ ناموس رسالت کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خاتمے کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ مطالبات پورے ہونے تک تحریک تحفظ ناموس رسالت جاری رہے گی۔ حکومتی خاتون ممبر پارلیمنٹ کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں تشویشناک ہیں۔ پی ٹی آئی کی ممبر پارلیمنٹ عاصمہ حدید نے قبلہ اوّل کو یہودیوں سے منسوب کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے ہیں۔ حکومت اسرائیل کے حق میں عاصمہ حدید کی تقریر پر اپنی پوزیشن واضع کرے۔ پی ٹی آئی کی حکومت میں یہودیوں اور قادیانیوں کی حامی لابی متحرک ہو چکی ہے۔ دینی قوتیں پاکستان کو سیکولر سٹیٹ بنانے کی ناپاک کوششوں کی مزاحمت کریں گی۔ 15 نومبر کے ملین مارچ میں سخت لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں 15 نومبر کو مال روڈ پر ہونے والے ملین مارچ کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے مزید کہا کہ عید میلادالنبی کو جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ عید میلادالنبی کے ہر اجتماع میں آسیہ کیس کے فیصلے کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1