چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن خوشاب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر جواب طلب

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن خوشاب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزانے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی خوشاب رانا محمد شبیر کے خلاف دائرتوہین عدالت کی درخواست پر متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیاہے۔عدالت نے محمد شہباز اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت شروع کی تودرخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ وہ محکمہ ایجوکیشن میں جونیئر کلرک کے طور پر کام کر رہے ہیں،پہلے ان کا انتظامی کنٹرول ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے سپرد کیا گیا،بعد ازاں ان کاانتظامی کنٹرول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو دے دیا گیا۔درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ 15 اگست کو عدالت نے درخواست گزاروں کی دادرسی کا معاملہ مذکورہ افسرکو بھجوایا تھالیکن اس عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔درخواست میں ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے ۔

مزید : صفحہ آخر