وکلاء کی غیرحاضری ،شفقت محمودکیخلاف انتخابی عذرداری پر پیش رفت نہ ہو سکی

وکلاء کی غیرحاضری ،شفقت محمودکیخلاف انتخابی عذرداری پر پیش رفت نہ ہو سکی

لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چودھری محمد اقبال پر مشتمل الیکشن ٹربیونل کے روبرو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی عام انتخابات میں کامیابی کے خلاف دائرانتخابی عذداری پر وکلاء کے پیش نہ ہونے کے باعث کوئی پیش رفت نہ ہوسکی ۔ٹربیونل نے اس کیس کی مزید سماعت کے لئے 16نومبر کی تاریخ مقررکی ہے ۔یہ انتخابی عذرداری مسلم لیگ (ن)کے راہنما خواجہ احمد حسان نے دائر کررکھی ہے ،دریں اثناء فاضل ٹربیونل نے پی پی 167 لاہور سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے نذیر احمد چوہان کی نااہلی کے لئے دائر انتخابی عذرداری کی مزید سماعت بھی16نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء سے انتخابی عذرداری کے قابل سماعت ہونے کے معاملہ پر دلائل طلب کر لئے ہیں۔یہ انتخابی عذرداری اس حلقہ کے ناکام امیدوار میاں محمد سلیم نے دائر کررکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ نذیر احمد چوہان نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے اور اپنے مکمل اثاثے ظاہر نہیں کئے۔

پیشرفت

مزید : صفحہ آخر