نصاب سازی کیلئے بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس اچھی روایت ہے،حسین محی الدین

نصاب سازی کیلئے بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس اچھی روایت ہے،حسین محی ...

لاہور(نمائندہ خصوصی)منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ قومی نصاب کی تیاری کیلئے بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس کاا نعقاد قابل تحسین اقدام ہے اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ایک قوم کیلئے ایک نصاب کی تشکیل اور نفاذ ناگزیر ہے۔وفاقی وزیر تعلیم کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں،قومی نصاب کی تیاری کیلئے کانفرنس کو بارش کا پہلا قطرہ سمجھتے ہیں۔طبقاتی کشمکش اور ہر طرح کی معاشی،سماجی ناہمواریوں کے خاتمہ کیلئے یکساں نصاب کا نفاذ ضروری ہے۔

وہ گزشتہ روز منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر راشد کلیامی و دیگر عہدیداران سے گفتگو کر رہے تھے۔ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہاکہ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ وزراء تعلیم کے شعبے کو درپیش مسائل اور زمینی حقائق سے آگاہ ہیں۔بچے ملک و قوم کا مستقبل ہیں ان کی تعلیم و تربیت کیلئے فکر مند ہونا اور وسائل مہیا کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ۔تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل قوم کے خوشحال مستقبل پر سرمایہ کاری ہے جو کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔انہوں نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ بین الصوبائی وزارتی تعلیمی کانفرنس میں سکول نہ جانے والے اڑھائی کروڑ بچوں کو سکولوں میں داخل کروانے اور تعلیمی بجٹ میں اضافہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور قومی نصاب کی تیاری کیلئے کمیٹی میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔خلوص نیت اور اتفاق رائے سے ہونے والے فیصلوں اور بننے والی پالیسیوں کو اللہ کی بھی تائید و نصرت حاصل ہو جاتی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1