پاکستان فرانس باہمی تعلقات مزید بہتری کی طرف گامزن ہیں، معین الحق
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) 109ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے 10رکنی وفد نے کل پیرس میں پاکستان سفارتخانے میں سفیر معین الحق سے ملاقات کی۔ پاکستانی سفیر نے وفد کو پاکستان اور فرانس کے باہمی تعلقات کے بارے میں تفصیلی آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں سودمند اور قریبی تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے وفد کو سفارت خانہ کی عوامی سفارت کاری مہم کے ذریعے پاکستان کے مثبت پہلووں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ فرانس میں ملکی سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ معین الحق نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل مینجمنٹ کورس کے وفد کو پیرس کے دورے کے دوران فرانسیسی انتظامی ڈھانچے، ان کے تربیتی نظام اوردوسرے شعبوں میں بہترین طریقوں اور پالیسیوں کے بارے میں سیکھنے کا موقع ملے گا۔ نیشنل مینجمنٹ کورس کا وفد پیرس میں اپنے ایک ہفتہ کے قیام کے دوران فرانسیسی وزارت خارجہ، وزارت موسمیاتی تبدیلی، اعلی تعلیمی مراکز برائے وزارت داخلہ، بزنس فرانس، فرانس بزنس فیڈریشن، اور نیشنل میوزیم آف ایشین آرٹس کے حکام سے ملاقاتیں اور آگاہی حاصل کرے گا۔