لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش، سردی بڑھ گئی،سموگ میں کمی
لاہور(جنر ل رپورٹر) باغوں کے شہر لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے سردی بڑھ گئی ہے جبکہ سموگ کی شدت میں کمی واقع ہونے کا امکان ہے ۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نے دسمبرسے دھندکاسلسلہ باقاعدہ شروع ہونے کی پیشگوئی کردی ہے۔ شہر اور گردونواح میں مطلع ابرآلود، بادلوں نے ڈیرے جما لیے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ سموگ چھٹ گئی ہے۔ بارش سے موسم بھیگا اور نشیلا ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق ڈیوس روڈ،مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، کلمہ چوک، دھرم پورہ , مغلپورہ ، فیروز پور روڈ، قائداعظم انڈسٹریل ایریا، پیکو روڈ، جوہر ٹاؤن اور واپڈا ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا درجہ حرارت 26 اور کم از کم14 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا 8کلو میٹر فی گھں ٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب56 فیصد ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ دسمبرسے دھندکاسلسلہ باقاعدہ شروع ہوجائیگا۔