وفاقی حکومت وعدے پورے کرے گی تو ساتھ دیں گے، ناصر حسین شاہ

وفاقی حکومت وعدے پورے کرے گی تو ساتھ دیں گے، ناصر حسین شاہ

کراچی(آئی این پی ) صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بینک اکا ؤ نٹس کے معاملے کو پیپلزپارٹی سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں کوئی پریشانی یاخوف نہیں،عدالتوں پریقین ہے انصاف ملے گا، موجودہ حکومت جو وعدے کررہی ہے، کام کریں گے تو ساتھ دیں گے۔ منگل کو صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آصف زرداری پراس قسم کے کیسز شروع سے بنتے آرہے ہیں اور موجودہ کیسز بھی نوازشریف کی حکومت میں بنے تھے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہمیں کوئی پریشانی یا خوف نہیں،عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں، یقین ہے انصاف ملے گا، پہلے بھی آصف زرداری پابند سلاسل رہے ہیں اور باعزت بری ہوئے۔رہنما پیپلزپارٹی نے کہا بینک اکانٹس کے معاملے کو پیپلزپارٹی سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، جو اکانٹس سامنے آرہے ہیں اس میں عوام کا نہیں بینکوں کا قصور ہے، پیسے کہاں گئے کہاں سے آئے انکوائری بالکل ہونی چاہیے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عجیب تاثربنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، ترقی کی بجائے مہنگائی دی ،ہر چیزمہنگی کردی گئی۔انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں حکومت 5سال پورے کرے ، نوازحکومت نے بھی سندھ میں ترقیاتی کام کے بہت وعدے کیے تھے،سندھ کے وزیر نے کراچی پریس کلب واقعہ میں صوبائی حکومت اور پیپلزپارٹی کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کراچی پریس کلب پرحملے کی انکوائری کااعلان کردیا اور کہا وزیراعلی سندھ نے کراچی پریس کلب پر حملے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی پی حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، سینئر صحافیوں سے بدتمیزی کا بھی نوٹس لیا گیا ہے، تحقیقات کرائیں گے، سندھ حکومت یقین دلاتی ہے ملوث لوگوں کیخلاف کارروائی کریں گے اور سی ٹی ڈی کی وضاحت کی انکوائری کرائیں گے۔

ناصر حسین شاہ

مزید : صفحہ آخر