قانون کی حکمرانی کیلئے فوج ریاستی اداروں کی حمایت جاری رکھے گی ، عسکری قیادت

قانون کی حکمرانی کیلئے فوج ریاستی اداروں کی حمایت جاری رکھے گی ، عسکری قیادت

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ،آئی این پی )چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 215ویں کورکمانڈر ز کانفرنس کی صدارت کی ۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس میں خطے کے جیو اسٹریٹجک ماحول ، ملک کی سیکیورٹی صورتحال ،عسکر ی آپریشنز،پاک افغان سرحد پرآہنی باڑ کی تنصیب اورمشرقی سرحد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آ ئی ایس پی آر کے مطا بق کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک میں پائیدارامن لانے کیلئے پاک فوج اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور خطے کے امن کیلئے تمام اقدامات کی حمایت کی جائے گی ۔قانون کی حکمرانی کیلئے تمام ریاستی اداروں کی حمایت جاری رکھی جائے گی ، کور کمانڈر کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قانون کی حکمرانی میں ہی امن،استحکام اورملک کی خوشحالی ہے۔کورکمانڈرزکانفرنس میں بھارتی سیزفائرخلاف ورزیوں،شہریوں کوجان بوجھ کرنشانہ بنانیکی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔

مزید : صفحہ اول