حکومت مشکل حالات میں سنبھالی ، واضح تبدیلی جلد نظر آئیگی ، وزیراعظم

حکومت مشکل حالات میں سنبھالی ، واضح تبدیلی جلد نظر آئیگی ، وزیراعظم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، آئندہ چند ماہ میں واضح تبدیلی دیکھنے میں آئے گی وزیر اعظم عمران خان سے گزشتہ روز کراچی کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی ۔ارکان اسمبلی نے کراچی میں پانی ، سیوریج اور دیگر مسائل اجاگر کئے۔وزیر اعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل میں اپنا کردار ادا کریں اور لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوں۔ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسما عیل نے وزیر اعظم کے کراچی کیلئے اعلان کردہ پیکیج اور وزیر میری ٹائم علی زیدی نے شہر قائد میں پانی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل پر بریفنگ دی ۔وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد مین لینڈ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ لینڈ مافیا اور ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن میں کوتاہی برداشت نہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت گزشتہ روز اعلی سطی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے سے متعلقہ امور اور وفاقی دارالحکومت میں ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ وزیر مملکت داخلہ شہریار خان آفریدی، معاون خصوصی علی نواز اعوان، ایم این اے راجہ خرم نواز، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں وزیراعظم نے اسلام آباد میں لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے چیئرمین سی ڈی اے کو بڑے لینڈ مافیا کی فہرستیں فراہم کرنے کا حکم دیا ۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے اور اداروں کے درمیان رابطہ کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔ چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر کمیٹی میں شامل ہوں گے ۔ کمیٹی میں آئی جی اور ڈپٹی کمشنر بھی شامل ہوں گے ۔ کمیٹی لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن سے متعلق اداروں میں مؤثر رابطے قائم کرے گی ۔دفاعی پیداوار کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزارت دفاعی پیداوار اور منسلک اداروں کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزارت دفاعی پیداوار کی مختلف سرگرمیوں میں نجی شعبے کو شامل کیا جائے ۔گوادر شپ یارڈ کی تعمیرسمیت وزارت دفاعی پیداوار کی ضروریات پوری کرنے کیلئے وفاقی حکومت تعاون کرے گی ۔ پنجاب او رخیبر پختونخوا میں نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جو عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کر سکے ،نئے بلدیاتی نظام سے ترقیاتی منصوبوں پر پیسہ دیہات کی سطح پر خرچ ہوگا جس سے دولت کا ضیاع اور کرپشن ختم ہوگی اور عوام کو اپنی ترجیحات کے مطابق ہی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ممکن ہو سکے گی جبکہ نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی منصوبے اور قانون سازی ایسے طریقے سے ہوگی جس کا احتساب عوام براہ راست کر سکیں گے اور ذاتی مفاد اورکرپشن کے خاتمے کیلئے نیا نظام معاون ثابت ہوگا۔اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک ،مشیر وزیراعظم محمد شہزادارباب،وزیر بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان،صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ خیبرپختونخوا شہرام خان ترکئی، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا، صوبائی وزیرقانون خیبر پختونخوا سلطان خان اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی ۔وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ عوام کے اپنے ہی نمائندے منتخب ہوکر فلاح و بہبود کا کام بہتر طریقے سے کر سکیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کا واحد مقصد عوام کی فلاح و بہبود ان کو اپنی ترجیحات کے مطابق کرانا ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان کو یورپی پارلیمینٹ کے صدر انتونیو تاجانی نے ٹیلیفون کیا جس میں وزیر اعظم نے ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کے احترام کی ضرورت پرزور دیا اور کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ڈائیلاگ ناگزیر ہیں۔ وزیر اعظم نے گستاخانہ خاکوں پر حکومت اور عوام کی طرف سے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ یورپی پارلیمینٹ کو ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کوششوں کو تیز کرنا ہو گا اس حوالے سے یورپی ملک مسلمانوں کے مذہبی جذبات کے بارے میں آگاہی پیدا کریں ۔ وزیر اعظم نے توہین آمیز اقدامات کی روک تھام کیلئے یورپی عدالت کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ توقع ہے یورپی ممالک عدالتی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے اور توقع ہے یورپی ملک بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے اقدامات کرینگے ۔ ، یورپی پارلیمنٹ کے صدر نے آسیہ بی بی اور ان کے خاندان کے تحفظ کو یقینی بنانے پر شکریہ ادا کیا ۔
وزیر اعظم عمران خان

مزید :

صفحہ اول -