منی لانڈرنگ کیس ، آصف زرداری ،دفریال تالپور کی ضمانت میں 10دسمبر تک توسیع

منی لانڈرنگ کیس ، آصف زرداری ،دفریال تالپور کی ضمانت میں 10دسمبر تک توسیع

کراچی(سٹاف رپورٹر) بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 10دسمبر تک توسیع کردی،ایف آئی اے افسر نے عدالت کو تفتیش میں پیش رفت سے آگاہ کیا، تفتیشی افسر نے کہا مفرور ملزمان کو اشتہاری قر ار دینے کیلئے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں،ان کے گھروں پر اشتہارات چسپاں ، جائیداد کی معلومات کیلئے متعلقہ کمشنر کو خطوط لکھ دیے ہیں، عدالت نے تفتیشی افسر کو ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتا ر ی بھی جاری کردیے۔ منگل کو منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہا پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف زرداری، انکی ہمشیرہ فر یال تالپور، حسین لوائی، انور مجید، نمر مجید، شہزاد جتوئی اور دیگر ملزمان کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔فاضل جج نے کیس کی مختصر سما عت کی تو فریال تالپور حاضری لگا کر روانہ ہوگئیں جبکہ آصف علی زرداری تاخیر سے عدالت پہنچے اور حاضری لگائے بغیر روانہ ہوئے جس پر فاضل جج نے کہا آصف علی زرداری کی حاضری نہیں لگی وہ ایسے ہی چلے گئے،انہیں دوبارہ بلائیں تب حاضری لگے گی جس کے بعد سابق صد ر دوبارہ بینکنگ کورٹ پہنچے اور اپنی حاضری لگائی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 10دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔ ادھر ایف آئی اے افسر نے میگا منی لانڈرنگ میں مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے کیس میں پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کر دی،مفرور ملزمان میں نصیر عبداللہ، حسین لوتھا، عدنان جاوید، محمد عمیر سمیت 5ملزم شامل ہیں جبکہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور ضمانت پر رہا ہیں۔واضح رہے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی) بھی تحقیقات کر رہی ہے اور یہ کیس سپریم کورٹ میں بھی زیرسماعت ہے۔

مزید : صفحہ اول