تفتیشی افسروں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ، تاجر کمیونٹی کی سہولت کیلئے پنجاب میں بزنس ڈیسک قائم کردیا، چیئرمین نیب

تفتیشی افسروں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ، تاجر کمیونٹی کی سہولت کیلئے پنجاب میں ...

لاہور (کرائم رپورٹر،آئی این پی ) چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ہدایات پر بزنس کمیونٹی کی سہولت اور شکایات دور کرنے کیلئے بزنس ڈیسک بنا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیب صرف اور صرف بہتر ملکی مفادات کیلئے کام کر رہا ہے اور اب ایماندار لوگوں کا جینا آسان ہو گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے دوسرے روز بھی نیب لاہور کا دورہ جس دوران ڈی جی شہزاد سلیم نے انہیں میگا کرپشن کے مقدمات پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق کنسٹرکشن ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی چیئرمین نیب سے ملاقات کی اور نیب انکوائریوں میں بزنس کمیونٹی کے افراد کی گرفتاری پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی میں موجودکرپٹ عناصرمنظرعام پرلانے کیلئے مدد کی پیشکش کی۔ چیئرمین نیب نے بزنس کمیونٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی وجہ سے ملکی معیشت پر کسی قسم کے برے اثرات نہیں ہوئے بلکہ بدعنوانی و دیگر عوامل ملکی معیشت پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ ہزار کے کام پر 50 ہزار کیسے خرچ ہونے کا پوچھا تو سب نیب کے خلاف اکٹھے ہو گئے۔ چیئرمین جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ملکی بزنس معاملات میں پارٹی نہیں ہے اور نیب کی وجہ سے کبھی کسی معاہدے پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے۔ نیب صرف اور صرف بہتر ملکی مفادات کیلئے کام کر رہا ہے اور نیب کے اقدامات پاکستان بزنس کمیونٹی کے استحکام کا موجب ہوں گے اور اب ایماندار لوگوں کا جینا آسان ہو گا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے بزنس ڈیسک بنانے کے احکامات دئیے جس پر فوری عمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر سطح کے نیب افسر کو ڈیسک کا نگران بھی مقرر کر دیا گیا۔ چیئرمین نیب نے یقین دہانی کروائی کہ بزنس ڈیسک بزنس کمیٹی کے مسائل کا ازالہ کرے گا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر ہی دم لیں گے، نیب کے تفتیشی افسران کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں،خواجہ برادران کی قبل از گرفتاری ضمانت کی عدالت میں سماعت پر نیب ٹیم اپنا بھر پور موقف پیش کرے، میگا کرپشن کیسز کو قانون کے مطابق منطقی انجام پر پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب لاہور آفس میں چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ڈی جی نیب لاہور نے چیئرمین نیب کو شریف خاندان کے خلاف زیر تفتیش کیس سمیت پیراگون، آشیانہ اقبال پر پیشرفت پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیئرمین نیب نے آشیانہ اقبال کیس میں جلد از جلد پیش رفت کرنے کی ہدایت کی کرتے ہوئے کہا کہ پیراگون ہا ؤ سنگ اسکینڈل میں نیب کی تفتیشی و قانونی ٹیم مکمل تیاری کرے۔ چیئرمین نیب نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے کیسسز کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیب کو زیر تفتیش کیسز میں مطلوب افراد کو جلد از جلد پاکستان لانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

چیئرمین نیب

مزید : صفحہ اول