جنوبی پنجاب سے کیے وعدے پورے کریں گے،عثمان بزدار

جنوبی پنجاب سے کیے وعدے پورے کریں گے،عثمان بزدار

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بولتے کم اورکام زیادہ کرتے ہیں ۔جنوبی پنجاب کے حوالے سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ملتان سے منتخب رکن قومی اسمبلی زین قریشی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجا ب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب کے لوگوں نے الیکشن میں بھر پور مینڈیٹ دیا۔حکومت عوامی مینڈیٹ کی لاج رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ اب عملی اقدامات ہوں گے اور حقیقی تبدیلی آئے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جلد جنوبی پنجاب کا دورہ کرکے منتخب نمائندوں اورپارٹی عہدیداروں اورکارکنوں سے ملاقاتیں کروں گا۔ سردار عثمان بزدار سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب اور جاپانی سفیر نے دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔جاپانی سفیر نے پنجاب کے مختلف شعبوں خصوصا آبپاشی ،پینے کے صاف پانی ،فنی تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین بہترین تعلقات موجود ہیں ۔ جاپانی قوم نے اپنی محنت سے نمایاں ترقی کی ہے۔ میں جاپانی قوم کی محنت کا بہت بڑا معترف ہوں۔انہوں نے کہا کہ جاپان کی تیز رفتار ترقی سے سیکھ کر پنجاب میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کو آگے لے کر جائیں گے۔

مزید : صفحہ اول