تحریک انصاف فاسٹ جماعت ، پی پی پنجاب کا سینیٹ کی 2خالی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا اعلان

تحریک انصاف فاسٹ جماعت ، پی پی پنجاب کا سینیٹ کی 2خالی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) ...

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ، سیکرٹری اطلاعات منور انجم، پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عز یز الرحمن چن اور پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پیپلز پارٹی سینٹ کی دو خالی نشستوں پر ہونیوالے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حمایت کرے گی، جس کی منظوری پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی دیدی ہے، منتخب ایوان میں (ن) لیگ نے چونکہ ماضی پر معذرت کی اسلئے پیپلز پارٹی انکا ساتھ د ے رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے مقابلے میں پی ٹی آئی فاشسٹ جماعت ہے۔ تحریک انصاف کے قائد عمران نیازی اصل میں نازی ہیں اور حکومت میں آنے کے باوجود پی ٹی آئی کا رویہ حکومت والا نہیں بلکہ اپوزیشن والا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات ہر روز اٹھ کر چور چور کا شور مچانے لگ جاتے ہیں، پہلے وہ 200 ارب ڈالر باہر ہونے کی بات کرتے تھے۔ اب جدید دور کے احتساب الرحمن کاکہنا ہے پانچ ارب ڈا لر باہر پڑے ہیں، عمران خان کو اب یہ مذاق بند کر دینا چاہیے۔ انہیں باہر سے ڈالر نہیں ملیں گے، کم از کم اپنے بچے ہی باہر سے واپس لے آئیں جو انہوں نے وہاں یہودیوں کو رینٹ پر دیئے ہوئے ہیں۔ آصف علی زرداری نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کی لڑائی لڑی،برداشت اور مفاہمت کی سیاست کی اور وہ ماضی کی طرح آج بھی جمہوریت مخالف لوگوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے آصف علی زرداری کا کیس نہ تو کل لڑا نہ آج لڑ رہی ہے بلکہ وہ خود اپنا مقدمہ لڑ رہے ہیں جبکہ اس کے برعکس (ن) لیگ اپنی قیادت کا مقدمہ لڑتی رہی ہے۔ پا ر ٹی کے رہنماؤں نے کہا ہم تلخی نہیں چاہتے اگر قیادت نے باہر نکلنے کی کال دی تو کوئی پیچھے نہیں ہو گا۔ وزیراعظم کہتے ہیں وہ جیل میں ڈال دینگے ، کیا انہوں نے نیا جی جی بریگیڈ بنانا ہے۔اگر حکومت کے پاس ثبوت ہیں تو وہ نیب یا ایف آئی اے کو دیں اور عدالتوں کو فیصلہ کرنے دیں۔ شہزاد اکبر کو ہوائی باتیں کرنے کی عادت ہے، ہم تو حکومت کا ساتھ دینے کو تیار ہیں لیکن حکمرانوں کی جہالت کا یہ عالم ہے کہ ایک وزیر تعاون مانگتا ہے اور دوسرا پگڑیاں اچھالتا ہے۔ نواز شریف اور ہمیں اپنے اپنے بے وفاؤں نے جمع کیا ہے۔ متبادل معیشت پوری دنیا میں ہے اور سرمایہ دارانہ نظام اس پر چل رہا ہے۔ شہباز شریف گرفتار اور میاں صاحب خاموش ہیں۔ میاں صاحب متحرک تھے میڈیا بھی ساتھ تھا۔ مریم کو بھی پذیرائی ملی۔ اب سوگ اتنا لمبا نہیں ہونا چاہیے۔ ہم نے بی بی کی شہادت کے صدمے کیساتھ سیاست جاری رکھی۔ پرویز الٰہی نے ویڈیو جاری کروائی اور وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

پی پی پنجاب

مزید : صفحہ اول