پاکستان،چین عوامی رابطوں کی طرف بڑھ رہے ہیں،گوادر تعلقات میں اہم کردار ادا کرے گا،سیکرٹری خارجہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین عوامی رابطوں کی طرف بڑھ رہے ہیں، پاکستان ہمسایہ اور علاقائی طاقتوں سے مزید بہتر تعلقات کی طرف بڑھ رہا ہے، گوادر وسطی ایشیاء اور دیگر ممالک سے تعلقات میں اہم کردار ادا کرے گا۔ منگل کو سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک باہمی تعلقات اور معاشی ترقی کیلئے اہم منصوبہ ہے، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا اہم جزو ہے، دونوں ملک عوام کی بہتری اور سی پیک کی بروقت تکمیل پر متفق ہیں۔ پاکستان اور چین عوامی رابطوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایوں اور علاقوں طاقتوں سے مزید بہتر تعلقات کی طرف بڑھ رہا ہے۔ خطے کی بہتری کیلئے ہمیں رابطوں کو بڑھانا ہوگا۔ پاکستان کے وسطی ایشیائی ملکوں سے تاریخی تعلقات ہیں۔ ریل اور روڈ سے رابطوں اور تجارت کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ گوادر وسطی ایشیائی اور دیگر ممالک سے تعلقات میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سی پیک پاکستان چین اور وسطی ایشیاء میں تجارت کیلئے اہم ثابت ہوگا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سی پیک اقتصادی زونز کی تعمیر پورے پاکستان میں ہوگی۔ خطے کے لوگوں کو سی پیک سے روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔ دریں اثناء سی پیک میں پیشرفت کے باعث پاکستانیوں کا معیار زندگی بہتر ہو گا اور پاکستان کو غربت میں کمی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔پاکستان اور چین کے درمیان غربت میں کمی کے سلسلے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران ملک میں غربت میں کمی کے لیے جلد ایک مہم شروع کرنے کی شدید خواہش کا اظہار کیا ہے۔حالانکہ جنوبی ایشیائی ملک پاکستان اس وقت مالیاتی مشکلات کیخلاف جدوجہد کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چین کے معروف اخبار ’’گلوبل ٹائمز‘‘ کی ایک تازہ ترین رپورٹ میں کیا گیا ہے۔اخبار کے مطابق بعض مبصرین اس بات پر فکر مند ہو سکتے ہیں کہ غربت میں کمی کا پیکیج ملک کی مالیاتی صورتحال کو مزید خراب کر دیگا۔لیکن ہمارا خیال ہے کہ یہ پالیسی مقامی معیشت کی بحالی میں مدد دینے کا بہترین راستہ ہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان غربت میں کمی کے لیے چینی ماڈل سے سیکھ سکتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تجربات کا تبادلہ کریگا اور اس سلسلے میں ضروری مدد فراہم کریگا۔بنیادی ڈھانچے کی تعمیر،اقتصادی ترقی اور غربت میں کمی کا ایک طاقتور عنصر ہو سکتا ہے۔کئی ارب ڈالر کے چین پاک اقتصادی راہداری(سی پیک)کے ذریعے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ہو رہی ہے۔جو کہ پورے ملک میں جاری ہے۔نئی حکومت کی غربت میں کمی کی مہم کے باعث چین اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ مل کر پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنائیں گے۔
چینی میڈیا
سیکریٹری خارجہ