اقتصادی تبدیلی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے آئی ایم ایف سے امداد کے خواہاں ہیں ، وزیر خزانہ

اقتصادی تبدیلی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے آئی ایم ایف سے امداد کے خواہاں ہیں ، ...

اسلام آباد(این این آئی)وزیر خزانہ اسد عمرنے کہا ہے کہ حکومت اقتصادی تبدیلی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے آئی ایم ایف سے امداد حاصل کرنے کی خواہاں ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات کا دوسرا دور مکمل ہوگیا اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف سے پالیسی سطح کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے آئی ایم ایف کے ساتھ ملکی معیشت کے مختلف شعبوں کے تخمینہ جات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف ٹیم کو ملکی معیشت کے حوالے سے حکومتی وژن سمیت ملکی معیشت میں عدم توازن دور کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔آئی ایم ایف کے وفد سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ موجودہ حکومت جامع اصلاحات کا ایجنڈا لے کر اقتدار میں آئی ہے، ہم ملک کے غریب اور پسماندہ طبقے کے تحفظ و بہتری اور سٹرکچرل اور ادارہ جاتی اصلاحات پر عمل درآمد کا پختہ عزم رکھتے ہیں، سٹرکچرل اور گورننس ریفارمز کے ذریعے ملکی مقامی صنعت کی بحالی و برآمدی شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ سماجی تحفظ، انسانی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے زیادہ پیسے خرچ کیے جائیں گے۔

وزیر خزانہ

مزید : صفحہ اول