تفتیشی افسرو ں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ، کرپٹ عناصر کو کٹہرے میں لا کر ہی دم لینگے : چیئر مین نیب

تفتیشی افسرو ں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ، کرپٹ عناصر کو کٹہرے میں لا کر ہی دم ...

لاہور(آئی این پی ) چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر ہی دم لیں گے، نیب کے تفتیشی افسران کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں،خواجہ برادران کی قبل از گرفتاری ضمانت کی عدالت میں سماعت پر نیب ٹیم اپنا بھر پور موقف پیش کرے، میگا کرپشن کیسز کو قانون کے مطابق منطقی انجام پر پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب لاہور آفس میں چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ڈی جی نیب لاہور نے چیئرمین نیب کو شریف خاندان کے خلاف زیر تفتیش کیس سمیت پیراگون، آشیانہ اقبال پر پیشرفت پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیئرمین نیب نے آشیانہ اقبال کیس میں جلد از جلد پیش رفت کرنے کی ہدایت کی کرتے ہوئے کہا کہ پیراگون ہا ؤ سنگ اسکینڈل میں نیب کی تفتیشی و قانونی ٹیم مکمل تیاری کرے۔ چیئرمین نیب نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے کیسسز کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیب کو زیر تفتیش کیسز میں مطلوب افراد کو جلد از جلد پاکستان لانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا کہ خواجہ برادران کی قبل از گرفتاری ضمانت کی عدالت میں سماعت پر نیب ٹیم اپنا بھر پور موقف پیش کرے، نیب کے تفتیشی افسران کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر ہی دم لیں گے۔چیئرمین نیب نے کہا کہ عوام کے اربوں روپے لوٹنے والے جہاں بھی ہوں جس کے بھی عزیز ہوں نیب عوام کو ان کا حق دلائے گا جب کہ میگا کرپشن کیسز کو قانون کے مطابق منطقی انجام پر پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول