حکومت مشکل حالات میں سنبھالی ، واضح تبدیلی جلد نظر آئیگی : وزیر اعظم

حکومت مشکل حالات میں سنبھالی ، واضح تبدیلی جلد نظر آئیگی : وزیر اعظم

اسلام آباد (آئی این پی،آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، آئندہ چند ماہ میں واضح تبدیلی دیکھنے میں آئے گی وزیر اعظم عمران خان سے گزشتہ روز کراچی کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی ۔ارکان اسمبلی نے کراچی میں پانی ، سیوریج اور دیگر مسائل اجاگر کئے۔وزیر اعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل میں اپنا کردار ادا کریں اور لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوں۔ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسما عیل نے وزیر اعظم کے کراچی کیلئے اعلان کردہ پیکیج اور وزیر میری ٹائم علی زیدی نے شہر قائد میں پانی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل پر بریفنگ دی ۔وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد مین لینڈ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ لینڈ مافیا اور ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن میں کوتاہی برداشت نہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت گزشتہ روز اعلی سطی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے سے متعلقہ امور اور وفاقی دارالحکومت میں ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ وزیر مملکت داخلہ شہریار خان آفریدی، معاون خصوصی علی نواز اعوان، ایم این اے راجہ خرم نواز، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں وزیراعظم نے اسلام آباد میں لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے چیئرمین سی ڈی اے کو بڑے لینڈ مافیا کی فہرستیں فراہم کرنے کا حکم دیا ۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے اور اداروں کے درمیان رابطہ کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔ چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر کمیٹی میں شامل ہوں گے ۔ کمیٹی میں آئی جی اور ڈپٹی کمشنر بھی شامل ہوں گے ۔ کمیٹی لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن سے متعلق اداروں میں مؤثر رابطے قائم کرے گی ۔دفاعی پیداوار کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزارت دفاعی پیداوار اور منسلک اداروں کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزارت دفاعی پیداوار کی مختلف سرگرمیوں میں نجی شعبے کو شامل کیا جائے ۔گوادر شپ یارڈ کی تعمیرسمیت وزارت دفاعی پیداوار کی ضروریات پوری کرنے کیلئے وفاقی حکومت تعاون کرے گی ۔

وزیراعظم عمران خان

مزید : کراچی صفحہ اول