والدین غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں میں اپنے بچوں کو داخل نہ کرائیں: ابرار احمد خان

والدین غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں میں اپنے بچوں کو داخل نہ کرائیں: ابرار احمد خان

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسو سی ایشن راولپنڈی ڈویژن کے صدر ابراراحمد خان کی نجی سکولوں کو در پیش مسائل کے حوالے سے چیف ایگزیکٹوآفیسر برائے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی سے ملاقات ہوئی ،اس موقع پر ڈپٹی ڈی ای او شفت الر حمن اور نجی تعلیمی اداروں کے نمائندہ کرنل (ر) عمر بھی موجود تھے،ملاقات میں چیف ایگزیکٹوآفیسر برائے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی ریاض احمد سوہی نے کہا ہے کہ والدین غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں میں اپنے بچوں کو داخل نہ کرائیں بلکہ ایسے سکولوں کے بارے میں ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی کو آگاہ کریں،تاکہ ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جاسکے،اور اس جعل سازی کا خاتمہ کیا جاسکے،انھوں نے مزید کہا ہے کہ عوام کے تعاون سے ہی اس جعل سازی کا خاتمہ ممکن ہے،والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچے داخل کرانے سے قبل نجی سکولوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے سکول انتظامیہ سے سوال کریں،اگر والدین ایسے سکولوں میں بچوں کو داخل کراتے ہیں تو وہ خود نقصان کے خود ذمہ دار ہونگے،جس پر آپسیما کے ڈویژنل صدر ابرار احمد خان نے سی ای او برائے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا، اور کہا ہے کہ ہم کسی صورت غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے،ہماری تنظیم پہلے ہی صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کے غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں کو حکومت اپنی تحویل میں لینے کے بیان کا خیر مقدم کرچکی ہے،اپنی تنظیم کے پلیٹ فارم سے غیر رجسٹرڈ سکولوں کے مالکان و انتظامیہ کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ اپنے سکولوں کو جلد از جلد رجسٹرڈ کروائیں،تاکہ آنے والے دنوں میں کسی بڑی پریشانی سے بچ سکیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر