مختلف مکاتب فکر کے علماء اور امن کمیٹی کا اجلاس:سید اظہار حسین
راولپنڈی(سٹی رپورٹر)مختلف مکاتب فکر کے علماء اور امن کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت چیئرمین امن کمیٹی علامہ پیر سید اظہار حسین شاہ بخاری منعقد ہوا خصوصی طور پر ممتاز عالم دین ڈسڑکٹ خطیب علامہ حافظ محمد اقبال رضوی اور نوجوان مذہبی سکالر علامہ پیر سید عطاء اللہ شاہ بخاری نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر متحدہ علماء محاذ پنجاب چیئرمین متحدہ تحریک اسلامی پاکستان آغا نیئر عباس جعفری نے کہا کہ رسول اکرمﷺ کی سیرت اور کردار اور تعلیمات باعث نجات ہیں پیغمبر اسلام رحمت العالمین حضرت محمد مصطفی ﷺ کی سیرت طیبہ امت مسلمہ کے لیے اور پوری انسانیت کے لیے طرہ امتیاز ہے سرور کونین غیر مسلموں پر بھی رحم و شفقت کے ساتھ پیش آتے تھے آج رحمت العالمین کے ماننے والا مولوی غضب کی تصویر کیوں بنا ہوا ہے دین اسلام تو امن و سلامتی اور بھائی چارے کا دین ہے اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے دین اسلام پورے عالم انسانیت کے لیے نظام حیات پیش کرتا ہے اسلام تو فتنہ و فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دیتا نیئر آغا نے کہا کہ ماہ ربیع الاول برکتوں اور رحمتوں کے نزول کا مہینہ ہے آقا کی آمد کا مہینہ ہر مسلمان کے لیے مسرت و شادمانی اور خوشی کی نوید لے کر آتا ہے جشن آمد رسولﷺ سے بڑھ کر کوئی جشن اور خوشی نہیں اجلاس میں علامہ محمد سلیم حیدر مفتی ظہور اللہ ہاشمی یاسر اقبال رضوی کے علاوہ دیگر علماء بھی شریک ہوئے ۔