امریکی ادارہ عالمی ترقی پاکستان میں مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے معاونت کر رہا ہے : پال جونز

امریکی ادارہ عالمی ترقی پاکستان میں مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے معاونت کر رہا ...

اسلام آباد ( آن لائن ) امریکی سفارتخانہ کے قائم مقام سفیر پال جونز نے کہا ہے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی پاکستان میں مختلف تر قیاتی کاموں کیلئے معاونت فراہم کررہاہے ، بعض اوقات امدادی کام میں تھوڑی تاخیر ہوجاتی ہے، تاہم ان ترقیاتی کاموں سے مقامی آ با د یوں پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ،یوایس ایڈ کے سمال گرانٹس اور سفارتی فنڈز کے تحت ایک منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے پال جونز نے کہا 2010ء میں اپنے قیام سے لیکر اس پروگرام کے تحت ملک بھر کے بعض دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں کام کرنیو ا لے اداروں کو امداد فراہم کی جارہی ہے، جس سے مقامی فیصلہ سازی کے عمل میں شرکت کی بھی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔یو ایس ایڈ کی اعا نت سے مستفید ہونیوالے افراد نے تقریب میں موسیقی، دستاویزی فلم، ذاتی تجربات، روایتی فنون اور اشاروں کی زبان کے ذریعہ اپنی اپنی کہانیاں سنائیں، ان افراد کی زندگی میں درپیش مشکلات اور پھر کامیابی حاصل کرنے کی جدوجہد کو " مواقع سازی اور حوصلہ افزائی" کے عنوان سے مرتب کی گئی ایک عکسی کتاب میں محفوظ کرلیا گیا۔سفیر کا فنڈبڑے پیمانے پر اثرانداز ہونے اور فوری طور پر قابل عمل سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ فنڈکے قابل ترجیح ترقیاتی سرگرمیوں میں خواتین کے امور، ثقافتی ورثہ کا تحفظ، تجارت ، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیا ر ی اور جنگلی حیات کا تحفظ شامل ہے ، جبکہ سمال گرانٹ فنڈ نے معاشی ترقی، تعلیم، توانائی، صحت عامہ، عوامی شرکت اورنظم ونسق کی بہتری کے اقدامات کی جانب نسبتاً بڑی امداد فراہم کی۔ تقریب میں پاکستان اور امریکہ کے سرکاری اہلکار،سول سوسائٹی کے نمائندے ،ترقی میں مصروفِ عمل کارکن، کمیونٹی رہنما، گرانٹ حاصل کرنیوالے اور منصوبوں سے مستفید ہونیوالے افراد سمیت لگ بھگ 200لوگ شریک ہو ئے۔

پال جونز

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر