سیکیورٹی خدشات، باجوڑ پریس کلب غیر معینہ مدت کیلئے بند
خار(ویب ڈیسک) قبائلی علاقے باجوڑ کے پریس کلب کو دہشت گردی کےحملوں کی دھمکیوں کے باعث غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا۔
پریس کلب کے صدر حسبنااللہ خان نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں دھمکیوں کے بارے میں علم نہیں البتہ مقامی انتظامیہ اور سینئر حکام کی ہدایت پر پریس کلب کو بند کردیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ حکام کے مطابق انہیں معلومات ملی ہیں کہ کچھ نامعلوم شرپسندوں کا پریس کلب پر دہشت گردی کے حملے کا منصوبہ ہے جس پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے کلب کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کی تجویز دی گئی۔
بعدازاں صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے صدر پریس کلب نے ہنگامی طور پر سینئر صحافیوں کا اجلاس طلب کیا جس میں متفقہ طور پر کلب کو بند کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا گیا۔پریس کلب کو بند کرنے سے قبل لیویز اہلکاروں کی نفری وہاں پہنچ گئی اور متعدد مقامات پر پوزیشن سنبھال لیں۔سیکیورٹی خدشات کی بنا پر لیویز اہلکاروں نے قریبی بس اڈے پر کھڑی گاڑیاں بھی خالی کروالی تھیں۔
بس اڈے پر موجود افراد نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ درجنوں اہلکار اچانک آئے اور فوری طور پر گاڑیاں خالی کرنے کے احکامات دیے۔عینی شاہدین کے مطابق اس موقع پر ٹرانسپورٹرز اور لیویز اہلکاروں میں سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔