آئی جی تبدیلی کیس؛ اعظم سواتی نے جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرادیا

آئی جی تبدیلی کیس؛ اعظم سواتی نے جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرادیا
آئی جی تبدیلی کیس؛ اعظم سواتی نے جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرادیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی اعظم سواتی نے آئی جی اسلام آباد تبدیلی کیس میں جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی اعظم سواتی آئی جی اسلام آباد تبدیلی کیس میں نیب کے پرانے ہیڈ کوارٹرمیں جے آئی ٹی کے روبروپیش ہوئے جہاںان سے دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی،ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں تیار کیا گیا سوالنامہ وفاقی وزیر اعظم سواتی کے حوالے کردیا اور ان کا جواب مانگ لیا،وفاقی وزیر بیان ریکارڈ کرانے کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سابق آئی جی اسلام آباد جان محمد کے تبادلے کے حوالے سے جے آئی ٹی بنائی ہے جس کے سربراہ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی ہیں، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو اعظم سواتی کے اثاثوں کی چھان بین کا بھی حکم دے رکھا ہے۔اس سے قبل وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور اعظم سواتی کے صاحبزادے بھی بیان دے چکے ہیں جبکہ جے آئی ٹی کو 15 دن میں رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرانا ہوگی۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد